• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر نے کراچی میں فضائیہ روتھ فاؤ میڈیکل کالج کا افتتاح کردیا

صدر نے کراچی میں فضائیہ روتھ فاؤ میڈیکل کالج کا افتتاح کردیا


صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی میں نئے تعمیر شدہ فضائیہ روتھ فاؤ میڈیکل کالج (ایف آر پی ایم سی) کا افتتاح کیا۔ ان کی آمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے پاکستان میڈیکل کونسل کے معیار کے عین مطابق ریکارڈ وقت میں اس شاندار منصوبے کی تکمیل پر ٹیم ممبران کی انتھک کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ تعمیر ملّت کے پروگراموں بالخصوص صحت اور تعلیم کے شعبوں میں نمایاں کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک فضائیہ کی عوامی خدمات کی فہرست میں یہ کالج ایک قابل قدر اضافہ ثابت ہوگا۔

بعد ازاں مہمان خصوصی نے میڈیکل کالج کی تختی کی نقاب کشائی کی اور اس منصوبے کی کامیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کالج کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا اور فیکلٹی اور پیرامیڈیکل اسٹاف سے گفتگو کی۔

پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور اعلیٰ سول و فوجی عہدیداروں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

پی اے ایف اسپتال فیصل اور پی اے ایف اسپتال مسرور اس کالج کے ساتھ بطور ٹیچنگ اسپتال منسلک ہونگے، اس کے علاوہ جدید ترین سہولیات سے آراستہ ڈائیگناسٹک سینٹر بھی ہے جس میں ایم آر آئی، سی ٹی اسکین، ڈیجیٹل ایکسرے، میموگرافی اور فلورو اسکوپی کی سہولیات شامل ہیں۔

اسپتال میں ہیماٹولوجی، سیرولوجی، کیمیکل پیتھالوجی، بلڈ بینک، مائیکرو بیالوجی، کلینیکل پیتھالوجی اور ہسٹوپیتھولوجی کی سہولیات سے لیس جدید لیبارٹری بھی موجود ہے۔

تازہ ترین