• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے، مقررین

لزبن (سرفراز فرانسس) دنیا بھر کی طرح پرتگال میں بھی یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا، پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی تمام تنظیموں کی جانب سے مشترکہ طور پر کشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی اور انڈین ظلم و ستم کے خلاف پرتگالی پارلیمنٹ کے سامنےزبردست مظاہرہ کیا گیا، مظاہرہ میں لزبن میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے کار ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا جو لزبن کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پرتگالی پارلیمنٹ کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ مظاہرے سے سید خالد عباس، محبوب احمد ،شیخ عمر ،راجہ زاہد اقبال ، سہیل جرال سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے بین الاقو امی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر قبضہ کیا اور 5 اگست 2019ء کو مزید یکطرفہ اقدامات کے ذریعے پہلے سے متنازع علاقے کی حیثیت میں ترامیم کرتے ہوئے آباد یاتی ڈھانچے اور شناخت کو تبدیل کردیا، مقررین کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019ء سے بھارتی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ غاصب فوج کی نفری میں اضافہ اور گزشتہ کئ ماہ سے ذرائع ابلاغ کےمکمل بلیک آؤٹ کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر جیل میں تبدیل ہوچکا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں اس وقت ادویات اور اشیائے خوردو نوش کی شدید قلت ہے۔ ہزاروں افراد جابرانہ حراست میں لے لیے گئے ہیں۔ ہزاروں نوجوانوں کو اغوا کرکے نامعلوم مقام پر قید کردیا گیا ہے اور ان کے ساتھ غیر انسانی اور تضحیک آمیز سلوک کیا جارہا ہے۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی پہلے سے کہیں زیادہ سفاکانہ رخ اختیار کر گئی ہے۔ عالمی برادری، بین الاقوامی انسانی حقو ق کی تنظیمیں او ر عالمی ذرائع ابلاغ بھارت سے اس جبر کو ختم کروانے کے لیے فی الفور اقدامات کریں۔ نام نہاد "بڑی جمہوریت" ہونے کے دعویدار بھارت کا اصل چہرہ مکمل طورپر بے نقاب ہوچکا ہے۔ ہم عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقو ق کے احترام اور آزادی کو یقینی بنانے، اور بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کی وجہ سے امن و سلامتی کو لاحق شدید خطرات کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اپنے کشمیری بھائیوں و بہنوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو اقوام متحدہ کے چارٹر کی روشنی میں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قرار دادوں کے عین مطابق، حق خود ارایت کے حصول تک ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ مظاہرین نے بھارتی جارحیت کے خلاف بینرز اور کتبے بھی اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی بھی کرتے رہے۔

تازہ ترین