معروف اداکارہ ایمان علی نے جان لیوا بیماری ’ملٹی پل اسکلیروسز میں مبتلا ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے کیرئیر میں درپیش مسائل اور اس کے ساتھ رہتے ہوئے زندگی کی جدوجہد سے آگاہ کردیا ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اداکارہ نے 02 منٹ اور 3 سیکنڈ پر مشتمل ایک ویڈیو شیئر کی، ویڈیو کے کیپشن میں ایمان علی نے ہیش ٹیگ ’انتظار نہ کرو‘ اور ’لیٹس بیٹ ایم ایس‘ کا استعمال کیا۔
یاد رہے کہ اداکارہ گزشتہ 15 برس سے اس مرض سے جنگ لڑ رہی ہیں۔
ویڈیو کے آغاز میں انہوں نے بتایا کہ 2006 میں وہ اپنے کیرئیر کے عروج پر تھیں، ہر میگزین کے سرورق پر میری تصویر ہوتی تھی ایسے میں شعیب منصور کی فلم کی آفر آجانا غرض کہ سب کچھ بہترین چل رہا تھا کہ ایسے میں ’ملٹی پل اسکلیروسز ‘ جیسی جان لیوا بیماری کی تشخیص ہوئی ۔
ایمان علی نے بتایا کہ اُس وقت یہ میری زندگی کا سب سے بڑا چیلنج بن گیا ، انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس بارے میں پتہ ہی نہیں ہے کہ ’ملٹی پل اسکلیروسز‘ میں ہوتا کیا ہے ، اس کے زندگی گزارنا کتنا اذیت ناک ہے۔
ایمان علی نے اس بیماری کی علامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ’اسکرپٹ پڑھتے ہوئے اچانک دھندلا نظر آنا، آٹھ گھنٹے سونے کے باوجود تھکن دور نہیں ہوتی، ہر وقت بس ایک ہی ڈر لگا رہتا ہے کہ آج کا دن کیسا گزرے گا۔
ایمان علی نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ افسوس اس چیز کا ہے کہ کبھی کسی نے اس بات کا اعتراف ہی نہیں کیا کہ میں نے اتنی تکالیف جھیلنے کے بعد بھی ہمت نہیں ہاری۔ کام کرتی رہی اور شادی بھی کرلی۔
انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو مشورہ دیا کہ اپنا خیال رکھیں کوئی بھی علامت ظاہر ہو تو اسے نظر انداز نہ کریں بلکہ فوراً نیورولوجسٹ سے رابطہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ تشخیص کے فوری بعد معالج سے رابطہ آپ کو زندگی بھر کی معذوری سے بچا سکتا ہے۔
آج سے ہی اپنی طاقت خود بنو اور ایم ایس ’’ملٹی پل اسکلیروسز‘ کو ہرانے میں اپنی طاقت خود بنو۔
واضح رہے کہ ایمان علی نے اپنے کیرئیر کا آغاز باحیثیت ماڈل کیا تھا جس کے بعد انہوں نے پاکستانی فلم انڈسٹری میں بھی اپنے قدم جمائے اور کئی مشہور فلموں ’خدا کے لیے‘،’بول‘اور ’ماہِ میر‘ میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔
ایمان علی کی نئی فلم ٹچ بٹن عیدالفطر پر سینما گھروں کی زینت بنے گی جس میں ان کے ساتھ فرحان سعید نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔