پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھائی بہن کی جانب سے اپنی ماں کی لاش تقریباً دس سال تک گھر کے ڈیپ فریزر میں رکھنے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ پولیس نے متوفی خاتون کے بھائی محبوب کو حراست میں لے لیا ہے۔
کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 11 سے خاتون کی 12 سال پرانی لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کی شناخت ذکیہ خاتون کے نام سے ہوئی ہے، معلوم ہوا ہے کہ خاتون کی لاش 10 سے 12 سال پرانی ہے اور صرف ڈھانچے کی صورت میں ہے.
پولیس حکام کے مطابق متوفی خاتون ذکیہ کے بیٹے اور بیٹی نے ماں کو مرنے کے بعد دفنایا نہیں بلکہ فریزر میں رکھ لیا تاکہ وہ اپنی ماں کو جب چاہیں دیکھ سکیں، جب ذکیہ کا بیٹا اور بیٹی بھی فوت ہوئے تو ان کے بھائی محبوب نے لاش کی دیکھ بھال شروع کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات محبوب نے ان کا ڈھانچا نکال کر کچرا کنڈی میں پھینک دیا اور لاش پھینکنے کی سی سی ٹی وی بھی منظر عام پر آگئی۔
دوسری جانب پولیس کو متوفی خاتون کے بھائی نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا کہ ان کی بہن ذکیہ کی بیٹی شگفتہ 4 ماہ قبل انتقال کر گئی تھی، وہ 2 دن پہلے بہن کے گھر گیا تو دیکھا کہ بہن کی لاش بستر پر پڑی ہے، ذکیہ کا ذہنی توازن بھی ٹھیک نہیں تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کرا لیا گیا ہے، اور محبوب کو حراست میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ ذکیہ کا فلیٹ بچوں کے مرنے کے بعد کافی عرصہ خالی رہا۔
متوفی خاتون کے بیٹے محبوب نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا ہے کہ بڑے بہن بھائی نے ماں کو محبت میں سنبھال کر رکھا تھا۔