• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک منصوبے میں بلوچستان کے خدشات کو دور کیا جائے،جمعیت نظریاتی

کوئٹہ(آن لائن)جمعیت نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عبدالستارشاہ چشتی، صوبائی کنوینر مفتی شفیع الدین، ڈپٹی کنوینر حاجی عبیداللہ حقانی، مرکزی معاون حاجی حیات اللہ کاکڑودیگر نے کہا ہےکہ سی پیک منصوبے کی ترقی وخوشحالی کا انحصار بلوچستان ہے لیکن وفاق کے رویوں سےظاہرہوتا ہے کہ وہ بلوچستان کو ترقی کرتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتا، سی پیک کے حوالے سے موجودہ حکمران بلوچستان کے ساتھ جو وعدے کر رہے ہیں ان کے عملی اقدامات بھی آج تک نظرنہیں آرہے عوام کو اب کھوکھلے نعروں سے بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ سی پیک منصوبوں پرتحفظات کا اظہار کیا لیکن تحفظات اور خدشات آج تک دور نہیں کئے گئے،سی پیک منصوبے میں بلوچستان کے خدشات کو دور کرنا حکومتی ترجیحات کا حصہ ہونا چاہیے۔وفاقی حکومت بلوچستان کواپنے وسائل پر اختیارات دینے کی بجائے اب ریکوڈک سے وفاق قرضوں کو اتارنے کا پروگرام بنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت فنڈز اب تک ایک ہی صوبے میں ہی خرچ ہوتے جارہے ہیں۔ ترقی کے اس عمل میں بلوچستان کو نظر انداز کرنا اس خطے میں مزید عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش ہوگی۔بلوچستان کے احساس محرومی اورپسماندگی کے خاتمے اور صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے حقیقت پسندی کامظاہرہ کر نا ہو گا ۔
تازہ ترین