• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھر کے کوئلے کے خریدار پورٹ قاسم میں موجود ہیں، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ تھر کے کوئلے کے خریدار پورٹ قاسم میں موجود ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چیئرمین سی پیک اتھارٹی جنرل (رٹائرڈ) عاصم سلیم باجوہ کی ملاقات، اس دوران مراد علی شاہ نے بتایا کہ تھر کے کوئلے کے خریدار پورٹ قاسم میں موجود ہیں جس پر جنرل (ر) عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ سی پیک اتھارٹی سندھ کے دیگر منصوبے بھی شامل کرے گی۔

ملاقات کے دوران جنرل (ر) باجوہ اور وزیراعلیٰ سندھ میں متعدد پروجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں کے سی آر، تھر میں کول ٹو گیس ٹو یوریا پروجیکٹ کو آگے بڑھانا، چائنہ دھابیجی اسپیشل اکناک زون اور  کے پی ٹی پر کافی لوڈ ہے جس کے لیے سمندر کے اوپر ایک پل بنا جس کو  مین روڈ سے ملانا شامل تھا۔ 

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں سی پیک سے شروع سے منسلک ہوں، میرے حساب سے کیٹی بندر بنانا بھی ایک بہترین فیصلہ ہوگا۔

اس دوران عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے ملیر ایکسپریس وے بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو پورٹ سے گوڈز ٹرانسپورٹ کے لیے ایک بہترین راستہ ہوگا.

مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم کے سی آر کے رائٹ وے سے تجاوزات ہٹا رہے ہیں لیکن کسی کو بے گھر کرنا انتہائی تکلیف دہ ہے، کابینہ نے کہا ہے کہ کسی کو بےگھر نہ کیا جائے جب تک متاثرین کے لیے متبادل انتظامات نہ کیے جائیں، ہم متبادل انتظامات کے لیے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے تھر پاور پلانٹ کے متاثرین کی زبردست بحالی کی ہے۔

اجلاس کے دوران وزیر توانائی امتیاز شیخ نے کہا کہ تھر میں ہم پانی مہیا کرنے پر کام کر رہے ہیں اب یہ بھی جلد حل ہو جائے گا۔

اجلاس کے دوران اہم فیصلے کیے گئے جس میں بلاک 6 اور بلاک 1 کی جتنی بھی ضروریات ہیں اگلے 2 مہینوں میں پوری کرنا بھی شامل ہے۔

چین کے صدر پاکستان کے دورہ پر آرہے ہیں اس دورے میں سی پیک کے تمام پروجیکٹس شروع کرنے کے فیصلے ہوجائیں گے، سندھ کے پروجیکٹس میں دھابیجی انڈسٹریل ایریا، کیٹی بندر، کے آر سی اور تھر کول سے گیس، یوریا اور ڈیزل بنانے کے پروجیکٹس شامل ہیں۔

عاصم باجوہ نے کہا کہ سکھر حیدرآباد سڑک بھی پی پی پی موڈ پر بنانے کا فیصلہ ہو چکا ہے، سندھ میں جو تھر کی ترقی، سرمایہ کاری اور آبادکاری کا موڈل ہے وہ قابل تعریف ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ حکومت نے کیٹی بندر کے لیے کنسلٹنٹ بھی ہائیر ہوچکا ہے، تھر سے چھاچھرو 105 کلومیٹر سے زائد ریلوے ٹریک بچھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ ریلوے لائن تھر سے پورٹ قاسم تک بنائی جائے گی۔

واضح رہے کہ جنرل (ر) عاصم باجوہ کے ساتھ انرجی اسپیشلسٹ یاسر اور انفرااسٹریکچر اسپیشلسٹ مزمل ضیاء بھی موجود تھے جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ وزیر توانائی امتیاز شیخ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری توانائی مصدق خان نے اجلاس میں شرکت کی ۔

تازہ ترین