• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت 6 ماہ میں چلی جائے گی، عوام کو ضرورت پڑی تو پنجاب کے لیڈر غائب ہوگئے، بلاول بھٹو

عوام کو ضرورت پڑی تو پنجاب کے لیڈر غائب ہوگئے، بلاول بھٹو


لاہور(این این آئی، جنگ نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کا ٹھیکہ پورا ہو چکا یہ چھ ماہ میں چلی جائیگی، اسٹیبلشمنٹ کیساتھ موجودہ پاور شیئرنگ فارمولا کیساتھ اقتدار میں نہیں آئینگے۔

وزیراعظم عمران خان سے پہلے نواز شریف بھی سلیکٹڈ تھے،ن لیگ بھی عمران خان کی طرح پارلیمنٹ کو اہمیت نہیں دیتی، پنجاب کے عوام کو جب ضرورت پڑی انکے لیڈر غائب ہو گئے، قائد حزب اختلاف کا کردار اہم ہوتا تاہم شہباز شریف ملک میں نہیں۔

امید ہے وہ جلد ملک میں واپس آئینگے، سندھ کے شہروں میں کتا کاٹے تو بریکنگ نیوز، فیصل آباد لاہور میں کتے کے کاٹنے پر کوئی نہیں پوچھتا، مہنگائی کم نہیں ہو رہی ابھی تو شروع ہو رہی ہے ،گرمیاں آنے دیں، بجلی ہوگی نہ ایئر کنڈیشن چلیں گے مگر بل تاریخی آئینگے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہائوس لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاور شیئرنگ کیلئے کوئی ڈیل نہیں کرینگے۔ 

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے ذریعے پارلیمنٹ اور سویلین بالادستی کو یقینی بنایا ،بیرونی طاقتیں سلیکٹڈ حکومتوں کو ہی استعمال کرتی ہیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ مودی ٹرمپ کے بعد اب ٹرمپ کی انتخابی مہم چلائی جا رہی ہے، کیا مناقفت ہے کہ ہم سے ڈو مور کا مطالبہ کرنے والے سراج حقانی کے انٹرویو چھاپتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو جب ضرورت پڑی ہے تو ان کے لیڈر ہی غائب ہو گئے۔ 

انہوں نے کہا کہ ادارے عوام کو کچھ نہیں سمجھتے اور نہ عوام کی طاقت مانتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کتا کاٹے تو بریکنگ بنتی ہے ، پرائم ٹائم پر ہیڈ لائن ہوتی ہے، فیصل آباد اور لاہور میں کتے کاٹیں تو کوئی بریکنگ نہیں ، سندھ ایچ آئی وی برا اور پنجاب کا ایچ آئی وی اچھا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کم نہیں ہو رہی ابھی تو شروع ہو رہی ہے ،گرمیاں آنے دیں، بجلی ہوگی نہ ایئر کنڈیشن چلیں گے مگر بل تاریخی آئینگے۔

 انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے 17 ارکان سے ساتھ بھاری اکثریت کو نواز شریف کو امیرالمومین بننے نہیں دیا تھا ،مراد علی شاہ شہباز شریف سے بھی بہتر تھے اور موجودہ وزرا ئے اعلیٰ سے بھی بہتر ہیں۔

مراد علی شاہ کا پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخواہ کے وزرا ئے اعلی سے مقابلہ کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹے اور لال مسجد سمیت مشرف دور کے تمام بحران دوبارہ سر اٹھا چکے ہیں۔

تازہ ترین