نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ون ڈے میچ میں ہرا کر 3 میچز کی سیریز 0-3 سے جیت لی۔
ماونٹ مانگا نوئی میں گزشتہ روز ہوئی بارش کے بعد ٹاس میں تاخیر گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے ہوئی جس کے بعد میچ کی اننگز 42، 42 اوورز تک محدود کردی گئی تھی۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد میزبان ٹیم نے مقررہ 42 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 264 رنز اسکور کیے، کپتان بریسویل نے 40 بالز پر 58 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی اننگز کے آغاز پر نک کیلی کو 3 رنز پر نسیم شاہ نے آؤٹ کیا، ہینری نکلز کو 31 رنز پر عاکف جاوید نے پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ریس ماریو کو سفیان مقیم نے ایل بی ڈبلیو کیا۔
ڈیرل مچل 43 اور ارسلان عباس 11 رنز بنا سکے، دونوں کھلاڑیوں کو عاکف جاوید نے پویلین روانہ کیا، جبکہ 26 رنز بنانے والے ٹم سائفرٹ کی وکٹ نسیم شاہ نے لی۔
نیوزی لینڈ کے آؤٹ ہونے والے ساتویں کھلاڑی مچل ہے تھے جو 8 رنز بنا کر فہیم اشرف کی بال پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔
میزبان ٹیم کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان بریسویل تھے جو اننگز کی آخری بال پر عاکف جاوید کی بال پر نسیم شاہ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
بعدازاں پاکستان کی جانب سے عبداللّٰہ شفیق اور امام الحق نے اننگ کا آغاز کیا تاہم کچھ ہی دیر بعد 1 رن پر امام الحق کو رننگ کے دوران فیلڈر کی تھرو ہیلمٹ کے گرل سے ہوتی ہوئی چہرے پر جا لگی جس کی وجہ سے وہ ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر میدان سے باہر چلے گئے۔
اس کے بعد عبداللّٰہ شفیق اور بابر اعظم نے پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کا اسکور 73 تک پہنچایا جس کے بعد قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 16.2 اوورز میں گری، عبداللّٰہ شفیق 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 21.3 اوورز میں 97 جبکہ تیسری وکٹ 23.4 اوورز میں 108 رنز پر گری، عثمان خان 12 اور بابر اعظم 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد بھی پاکستان کی وکٹس گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 33.4 اوورز میں 176 رنز پر 6 وکٹس گر گئیں۔ محمد رضوان 37، سلمان آغا 11 اور فہیم اشرف 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں پاکستان کی پوری ٹیم 40 اوورز میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، یوں میچ نیوزی لینڈ نے 43 رنز سے جیت لیا۔
اس سے قبل کپتان محمد رضوان کا ٹاس کے موقع پر کہنا تھا کہ یہ پچ پچھلے میچ سے مختلف ہے، امید ہےہم ٹاس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
واضح رہے کہ ون ڈے سیریز سے قبل نیوزی لینڈ نے 5 میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو 1-4 سے شکست دی تھی۔