• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مارچ میں ٹیرف سے متعلق بجٹ تجاویز کو تیار کر لیا جائیگا، عبدالرزاق داؤد

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) مشیرا مور تجارت و صنعت وپیداوار عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ کرونا وائرس سے چین سے تجارت متاثر ہوئی ہے تاہم برآمدات میں زیادہ فرق نہیں پڑ ا کیونکہ پاکستان چین سے زیادہ مصنوعات درآمد کرتا ہے ، کرئونا وائرس سے تجارتی دستاویزات میں تاخیر ہورہی ہے جس سے خرچ بڑھ رہا ہے۔

رواں مالی سال ٹیرف کو حقیقت پسندانہ رکھا جائے گا اور مارچ میں 26شعبوں کےٹیرف سے متعلق بجٹ تجاویز کو تیار کر لیا جائیگا۔

وزارت تجارت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرزاق داؤ د نے کہا کہ رواں مالی سال سات ماہ میں پاکستان کی برآمدات میں تین فیصد اضافہ ہوا ہے جنوری میں برآمدات میں کمی کی بڑی وجہ عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہے، بھارت ، بنگلادیش سمیت دیگر ممالک کی برآمدات میں بھی کمی ہوئی ہے، امید ہے پاکستان کی برآمد ات میں کمی نہیں ہوگی اور اضافہ ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ افریقہ کےساتھ پاکستان کی تجارت کو بہت زیادہ پوٹینشل ہے،اس وقت پاکستان اور افریقی ممالک کےمابین تجارت کا حجم ایک ارب 20کروڑ ڈالر ہے اس کو تین ارب ڈالرتک لے جایا جائیگا ، پاکستان افریقی ممالک کو ٹریکٹرز ، فریج ، ریفریجریٹرز ، کیمیکلز ، فارماسیوٹیکلز، انجینئرنگ مصنوعات ، ٹیکسٹائل ، لیدر ، ٹوٹا چاول سمیت دیگر مصنوعات برآمد کرنےکی بے پنا ہ پوٹینشل ہے۔

عبدالرزاق داؤد نے کہا لک افریقہ پالیسی کے تحت افریقہ میں تجارت کے مواقع پیدا کرنے کےلیے کینیا میں ایک کامیاب تجارتی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں پورے افریقہ سے 240کاروباری افراد اور پاکستان سے 100سے زائد افراد شریک ہوئے ، یہ بہت کامیاب کانفرنس رہی تاہم پاکستان واپسی پر دلی خواہش پوری نہیں ہوئی کیونکہ پاکستان کے کاروباری افراد افریقہ سے متعلق زیادہ علم نہیں رکتھے ان کو بہت زیادہ جاننے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری افراد کو افریقی ممالک میں تجارت کے مواقع سے آگاہ کرنے کےلیےمتعدد اقدامات کیے جائیں گے اس کے لیےمصر کے ایک ماہر کو پاکستان بلایا جائے گا جو پاکستانی کاروباری برادری کو سینگال ، کینیا ، آئیوری کوسٹ ، ایتھوپیا ، سوڈان اور دیگر ممالک میں تجارت کے مواقع سے آگاہ کریں گے۔

آئندہ ماہ روانڈا میں دولت مشترکہ کی کانفرنس میں بھی بھر پور شرکت کی جائے گی ، افریقی ممالک کی پاکستان میں سنگل کنٹری نمائش کےلیے پاکستان میں دعوت دی جائیگی ،آئندہ برس جنوری میں کینیا یا کسی دوسرے افریقی ملک میں تجارتی کانفرنس کا دوبارہ انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نےکہا کہ مشرقی افریقہ کانفرنس بھی ہماری ترجیح ہے، عبدالرزاق داؤد نےکہا کہ فٹ بال کے عالمی کپ میں پاکستانی فٹ بال کی استعمال کےلیے پرامید ہیں۔

عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ٹیرف پر کافی پیش رفت ہوئی ہے، ٹیرف سے متعلق تجاویز تیار کی جارہی ہیں ، ٹیرف کو حقیقت پسندانہ کیا جائے گا، ٹیرف کو مرتب کرتے وقت اب صرف ریونیو نہیں بلکہ صنعت کی ترقی کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ٹیرف تجاویز کےلیے 26شعبوں سے متعلق اجلاس منعقد کیے گئے ، ٹیرف پالیسی بورڈ کے پاس تجاویز لے کر جائیںگے ، بورڈ کا چند دنوں میں اجلاس ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیرف کےطریقہ کار میں تبدیلی میں وقت لگے گا ، انہوں نے حکومت میں ٹیکنوکریٹس سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ٹیکنوکریٹ کے پاس زیادہ جاب نالج ہوتا ہے لیکن ضروری چیز یہ ہےکہ جانب نالج کے ساتھ نیت بھی صاف ہونی چاہئے۔

تازہ ترین