• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مساجد کی آگاہی مہم، سبز درختوں کو کٹنے سے روکنے اور نئے درخت لگانے سے کثافت پر قابو پایا جاسکتا ہے، مقررین

بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) برطانیہ میں موسمی تبدیلیوں کے خلاف مساجد میں بھی آگاہی مہم اور ماحولیاتی تحریک پروان چڑھ رہی ہے۔ مسلم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ان کا مذہب اور ماحولیاتی تحفظ آپس میں متصادم نہیں ہیں۔ اور یہ کہ گلوبل وارمنگ میں اضافے کے اثرات علاقے اور مذہب کی تفریق سے بالا ہیں ۔ان خیالات کا اظہارجمعیت تبلیغ الاسلام بریڈفورڈ کے تحت ویسٹ گیٹ سینٹرل مسجد میں کلائمنٹ چینج کے حوالے سے ایک بین المذاہب سیمینار میں مقررین نے کیا ۔صاحبزادہ احسن شرافت شاہ نوشاہی کی سربراہی میں ہونے والے سیمینار سے معروف اسکالرفضلن خالد نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں فضائی آلودگی میں اضافہ اور خرابی کا ایک بڑا سبب درختوں کی کٹائی اور دنیا سے ہریالی کا خاتمہ ہے۔اگر سبز درختوں کو کٹنے سے روکا جائے اور نئے درخت لگائے جائیں تو بہت حد تک کثافت پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ اسلام میں جہاں درختوں کی کٹائی سے منع کیا گیا و ہیں شجر کاری کی بھی تلقین کی گئی ہے ۔ اسلام جہاں صفائی ستھرائی اور نظافت پر زور دیتا ہے۔وہاں اللہ تعالی کی پیدا کردہ ہر چیز کی حفاظت کا بھی درس دیتا ہے ۔پیغمبر اسلام نے بے شمار نیکیوں میں سے پودا لگانے کا انتخاب کرکے شجرکاری کی افادیت کو اجاگر فرمایا ۔انہوں نے کہا کہ ماحول کی آلودگی پر اگر قابو نہ پایا گیا تو آنے والی نسلوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔کونسلر اڈنان کیرولین نے کہا کہ تمام کمیونٹی کو مل کر بدلتے موسمی ماحولیات کے لیے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے روزمرہ کی گھریلو زندگی اور سفر کے لیے ٹرانسپورٹ کم سے کم استعمال میں لائی جانی چائیے پیدل چلنے سائیکلنگ کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی جائے ۔ شیخہ نوشین گل نے سیمینار کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی نقطہ نظر کے لحاظ سے کلائمنٹ چینج کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو سننے کو ملی اب اس کو عملی جامعہ پہنانے کے لیے عملی زندگی میں کام کریں گے۔ سیمینار میں ذوالفقار کریم ، ندیم ،محمود اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ آنے والی نسلوں کو بچانے کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا قرآن کریم کی روح کو سمجھتے ہوئے ہمیں ماحولیات کو بہتر بنانے کے لیے ہمیں اسلامی نقطہ نظر کے تحت کمیونٹی کے اندر وسیع پیمانے پر آگاہی فراہم کرنا ہو گی ۔ مسجد میں ہونے والے سیمینار میں بشپ ٹوبی ہاورتھ ، کونسلر فوزیہ شاھین کے علاوہ مذہبی اسکالرز اور انگریز کمیونٹی کی مرد اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔تقریب کے آخر میں صاحبزادہ احسن شرافت شاہ نوشاہی نے برطانیہ کی خیر خواہی کے لیے خصوصی دعا کی۔

تازہ ترین