• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیرقانونی اورجعلی سرٹیفکیٹ پر350کنٹینرزکوکلیئرنس ملا

فیض اللّٰہ کموکا کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائےخزانہ کا اجلاس ہوا جس میں چیئر پرسن ایف بی آر کا کہنا تھا کہ غیرقانونی طور پر جعلی سرٹیفکیٹ کے ذریعے 350 کنٹینرز کو کلیئر کیا گیا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائےخزانہ کے اجلاس میں چیئر پرسن فیڈرل بورڈ آف ریونیو نوشین جاوید امجد نے کہا کہ غیرقانونی طریقے کے استعمال سے اور جعلی سرٹیفکیٹ کے ذریعے 350 کنٹینرز کو کلیئرنس دیا گیا، وہاں پر موجود تمام افسران کو وہاں سے ہٹا دیا گیا تھا۔

چیئرپرسن ایف بی آر نوشین جاوید امجد نے کہا ہم ایف آئی اے کے ساتھ بھی معلومات کا تبادلہ کررہے ہیں، یہ سب آزادانہ تحقیقات کو مؤثر بنانےکے لیے کیا گیا ہے۔

اجلاس کے دوران سید نوید قمر نے سوال کیا کہ کیا یہ کنٹینرز افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا حصہ تھے جس پر ممبر کسٹم ایف بی آر نے جواب میں کہا کہ یہ کنٹینرز ٹرانزٹ ٹریڈ کے نہیں بلکہ یہ پھلوں کے تھے۔

رکن کمیٹی قیصراحمد شیخ نے کہا کہ اس کنٹینرز کے کیس میں ملک کو محصولات کا کتنا نقصان ہوا جس کے جواب میں ممبر کسٹم کا کہنا تھا کہ اس میں ہمارے پاس مکمل معلومات نہیں ہےاس میں کسی سےٹیکس نہیں لیا گیا، کسی سے آدھا ٹیکس لیا گیا اور جعلی سرٹیفکیٹ کا بھی معاملہ ہے۔

چیئرپرسن ایف بی آر کا کہنا تھا کہ اس میں سامان کا کل تخمینہ ساڑھے 6 کروڑ روپے لگایا گیا ہے، ہمیں جورپورٹ موصول ہوئی ہم اسی پر کام کر رہے ہیں، ابھی تک ہم اس رپورٹ کے حقائق کو جانچ رہے ہیں۔

رکن قائمہ کمیٹی عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ پھل چھوٹے آئٹمز ہیں اس پر ہمیں بڑےآئٹمز کو دیکھنا ہوگا جس پر چیئرپرسن ایف بی آر کا کہنا تھا کہ 2 سال کا وقت کسی بھی آفیسر کی تعیناتی کی مدت کے لیے مختص کیا گیا ہے، 2 سال میں پورے ریجن کا اسٹاف تبدیل کردیا جاتا ہے، کچھ چیزوں میں ہمارے پاس اشیا کی قیمت آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے اندر خود یہ غلطی ڈھونڈی ہے، کسی اور ایجنسی نے تحقیقات نہیں کیں۔

چیئرمین کمیٹی فیض اللّٰہ کموکا نے اجلاس کے دوران کہا کہ ہم نے ٹیکسٹائل کے شعبے کے لیے کافی جدوجہد کی تھی، گیس کاریٹ 6.5 ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کیا ہے، بجلی کاریٹ 7.5 سینٹ مقرر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریٹ رواں مالی سال کے لیے مقرر کیے گئے ہیں جبکہ اگلے بجٹ پر اس پر دوبارہ مذاکرات ہوں گے۔

تازہ ترین