بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پیپلز پارٹی نےخواتین کے حقوق کو یقینی بنانے اور اس میں اضافے کے لئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے، خواتین اپنی جدوجہد کو آگے بڑھائیں گی، اگر وہ اپنےحقوق کے لئےجدوجہد کرتی رہیں تو ہر پاکستانی خاتون بینظیر ہوگی۔
خواتین کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا پاکستان کی خواتین اب عورتوں سے نفرت کرنے والوں کی دھونس دھمکیوں سے پیچھے ہٹنے والی نہیں ہیں،خواتین اور پسماندہ طبقات ہی پیپلز پارٹی کی اصل طاقت ہیں، ہماری جماعت ان عناصر کےخلاف لڑے گی جو انہیں غلام بنانے کی سازشیں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو خواتین کے لیے روشنی کا مینار ہیں، جنہوں نے مردوں کے زیرتسلط نظامِ حکومت میں خواتین کے لئے راستے ہموار کیے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے پیغام کو ختم کرنے کے تحت بی آئی ایس پی کارڈز سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی تصویر اور نام ہٹا دیا گیا، بڑے منصب پر بیٹھے چھوٹے لوگ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اٹھائے گئے اقدامات کوختم نہیں کرسکیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ اب ہر عورت جانتی ہے کہ وہ بھی بینظیر بن سکتی ہے، پیپلز پارٹی تمام خواتین کو بااختیار بنانے اور مساوات کے لئے ہر قدم کی حمایت کرے گی۔