لاہور(آئی این پی، آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی ہر شرائط کو مانا اور ملکی معیشت کو گروی رکھ دیا، حکومت نے ہماری معاشی خود مختاری پر سودے بازی کی، حکومت نے بغیر کسیپلان آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا۔ ‘
’پی ٹی آئی ایم ایف ڈیل’’ نے عوام کا معاشی قتل کر دیا، مسلم لیگ (ن) نے بھی اپنی حکومت میں غریب عوام کیلئے کچھ نہیں کیا، پل یا میٹرو بنانا ترقی نہیں بلکہ جعلی ترقی ہے۔
یہ سلیکٹڈ نااہل اورنالائق حکمراں غریبوں پر بوجھ ہیں، یہ ملک چلا سکتے ہیں نہ معیشت، ملک میں ایسی حکومت ہے جو کسی کو برداشت نہیں کرتی،پیپلز پارٹی عام آدمی کی بہتری کیلئے کام کرتی ہے، ملکی مسائل کا واحد حل پیپلز پارٹی ہے، جب تک کسانوں اور مزدوروں کی ترقی نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
وہ اتوار کو پیپلزپارٹی لاہور صدر عزیز الرحمٰن چن کی رہائش گاہ پر کارکنان سے ملاقات اور بعد ازاں خطاب کررہے تھے ۔
بلاول بھٹو نے مسلم لیگ نون سمیت سیاسی حریفوں کو خوب تنقید کا نشانہ بنایااور کہاکہ پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دور میں پنجاب اور لاہور کو فوکس رکھا، ہم نے یہاں کے غریب عوام کیلئے پالیسیز بنائیں لیکن اس وقت نا اہل نالائق سیلیکٹڈ حکومت ملک کی غریب عوام پر سب سے زیادہ ظلم کر رہے ہیں۔
لاہور کے عوام نے پچھلے دور میں بھی دیکھا کہ سڑکیں بنیں، پل بنے، مگر عام عوام پر خرچ نہیں کیا،جب عام عوام پر خرچ نہیں کیا جاتا تو روڈ اور پل بنانے والی ترقی، ترقی نہیں کہلاتی۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ اس حکومت نے آئی ایم ایف سے ڈیل کر کے عوام کیخلاف ہر غلط بات مانی اور پاکستان کی معاشی آزادی پر حملہ کیا، یہ نا اہل ہیں، نالائق ہیں جو ملک کی عام عوام کا تحفظ نہیں کر سکتے، آئی ایم ایف والے آتے ہیں اور آئی ایم ایف والوں سے ہی مذاکرات کرتے ہیں۔
ہم پوچھتے ہیں کہ بجلی کیوں مہنگی ہے اور ہر چیز مہنگی ہے تو پتہ چلتا ہے نا اہل حکمران ہیں۔نون لیگ کی حکومت ہو یا پی ٹی آئی کی حکومت، لوگوں کی تنخواہوں اور پنشنز میں اضافہ نہیں ہوتا۔