لاہور(ایجنسیاں) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کی صورت میں آمریت اور فسطائیت کی نئی شکل سامنے آئی ہے‘نئے پاکستان میں جبر کے نئے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں‘ عوام کے جو حقوق مشرف اور ضیا کے دور حکومت نے نہیں چھینے وہ اب اس حکومت نے چھین لیے ہیں‘پاکستان میں جمہوریت اور انسانی حقوق کی صورتِ حال بہتر بنانے کے لیے سیاست دانوں کو وکیلوں کی ضرورت ہے ‘نئی آمریت سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔بلاول بھٹونے کہاکہ ضیاالحق نے آئینی حکومت پر شب خون مارا اور مقبول ترین لیڈر کو عدالتی کاروارئی کے ذریعے قتل کیاگیا۔ بھٹو کی شہادت کا کیس آج بھی عدالت میں زیر التوا ہے‘بار سے اپیل ہے بھٹو کو انصاف دلوائیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے افسوس کا اظہار کیا کہ اگر بینظیر بھٹو کو انصاف نہیں ملے گا تو عام آدمی کو کہاں انصاف ملے گا۔