• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زندہ پولٹری کی قیمتوں میں ایک دن میں 40روپے کلو کا اضافہ

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) اتوار کو زندہ پولٹری کی قیمت میں ایک دن میں چالیس روپے کلو اضافہ ہو گیا۔ کورونا وائرس لاک ڈائون کی وجہ سے شہری حالات کے رحم و کرم پر ہیں۔ مختلف علاقوں میں اشیائے خوردو نوش دکاندار اپنے من مانے نرخوں پر فروحت کر رہے ہیں۔ شہرو نواحی علاقوں میں آٹے کا20 کلو کا تھیلا12 سے1400 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے اسکے باوجود قلت بڑھ رہی ہے۔ چینی کی قیمتیں بھی دیگر اشیاء کے ساتھ انتظامیہ کی نظروں سے مسلسل اوجھل ہو رہی ہے۔ حالات سے فائدہ اٹھا کر چینی بھی 80سے 85روپے کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔ اسی طرح چائے کی پتی اور دالوں کی قیمتوں میں بھی ازخود20 سے 40فیصد تک مصنوعی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ سبزیوں کی قیمتوں میں بھی ہوشرباء اضافہ ہوا ہے۔ 130 روپے میں فروخت ہونے والی بھنڈی کی قیمت200 روپے میں بیچی جا رہی ہے۔ 50روپے میں فروخت ہونے والے ٹینڈے100 روپے میں، آلو60 سے70 روپے فی کلو، پیاز90 سے100 روپے فی کلو، ادرک اور لہسن چار سو روپے کلو میں فروخت کئے جا رہے ہیں۔ دوسری طرف سینیٹائزر اور ماسکس کی قیمتوں کا کوئی تعین نہیں‘ عام دنوں میں 100روپے میں فروخت ہونے والا120 ملی لٹر والا سینیٹائزر350 روپے اور12 روپے میں فروخت ہونے والا ماسک50 سے80 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ ڈیٹول کی180 روپے والی بوتل250 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
تازہ ترین