• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر جاوید رحمٰن نے صحافت کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں، صحافتی تنظیمیں

میر جاوید رحمٰن نے صحافت کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں، صحافتی تنظیمیں 


کراچی ( جنگ نیوز) صحافتی تنظیموں کاکہناہےکہ میر جاوید رحمٰن نے صحافت کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں ،میر جاوید رحمٰن کے انتقال پر CPNE،APNS،PFUJکیبل آپریٹرز ، ٹکا خان ، اخبار فروشان،سینئر صحافی انصار عباسی، حامد میر ، مجیب شامی ، عارف نظامی ، رضیہ فرید و دیگر صحافیوں نے بھی اظہار تعزیت کیا ہے۔ 

تفصیلات کےمطابق آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر حمید ہارون اور سیکریٹری جنرل سرمد علی نے عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے جنگ گروپ کے چیئرمین و پبلشر میر جاویدرحمٰن کے انتقال پر ملال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے،اے پی این ایس کے عہدیداران نے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ۔

سی پی این ای کے صدر عارف نظامی اور سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے جنگ گروپ کے چیئرمین میر جاوید رحمٰن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہارکیا اور کہا کہ اللّٰہ تعالی مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو اس سانحہ پر صبرجمیل عطا کرے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس دستور نے میر جاوید رحمٰن کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے اپنے رنج و غم کا اظہار کیا اورکہا کہ میر جاوید اخباری دنیا میں بلند مقام رکھتے تھے۔

مرکزی انجمن اخبار فروشاں کراچی میں تعزیتی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت مرکزی صدر اقبال نون نے کی، اجلاس میں جنرل سیکریٹری عبدالحمید ڈاڈا، سینئر نائب صدر چوہدری نذیر، عبدالستار نائب صدر فیڈریشن شفیق بھائی، مشتاق میمن، ناصر نثار، صابر راجپوت، شیخ محمود، عزیز میمن و ڈپو کے عہدیداران اور اخبارفروشوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی عہدیداران نے کہا کہ میر جاویدرحمٰن اخبارفروشوں کے ہر دل عزیز ساتھی تھے۔سیکریٹری جنرل آل پاکستان اخبار فروش یونین ٹکا خان نے کہاکہ مير جاویدبڑے عبادت گزار، سچ کا ساتھ دینے والے، غریب پرور اور ذمہ دار شخصیت کے مالک تھے ،ان کی وفات اخباری صنعت کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔

نیشنل پریس کلب کے شکیل قرار،ضیغم عباس کے علاوہ کرائم اینڈ کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن راولپنڈی رجسٹرڈ ( کرار ) کے صدر ساجد شیخ اور سیکرٹری جنرل سلطان شاہ نے بھی چیئرمین وپبلشر جنگ گروپ میر جاوید رحمٰن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔

سینئرصحافی حامد میر نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ میر جاوید نے مجھے گزشتہ ہفتے ایک پیغام بھیجا جس سے بے بسی جھلکتی تھی ، میرشکیل الرحمان اور آپ سب کو اللّٰہ تعالیٰ اس مشکل سے نکالے ۔سینئر صحافی انصار عباسی کا کہنا تھا کہ میر جاوید کا انتقال ہمارے لئے کسی صدمے سے کم نہیں ،اللّٰہ تعالیٰ ان کی والدہ کو صبر جمیل عطا کرے ۔

سینئر صحافی مجیب الرحمٰن شامی نے اظہا رافسوس کرتے ہوئے کہا کہ میرجاوید کی وفات میرے لئے بڑا صدمہ ہے ،میرجاوید الرحمن کئی خوبیوں کے مالک تھے وہ صحافیوں کے ساتھ صحافی بن کررہتے تھے ۔سینئر صحافی عارف نظامی نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا میر جاویدرحمٰن سے میری گہری وابستگی تھی ،وہ جب لاہور آتے تو میرے گھر ٹہرتے تھے ، وہ محنتی اورلوگوں کو حوصلہ دینے والے انسان تھے ۔ 

سینئر صحافی طاہر خلیل کا کہنا تھا کہ میر جاویداردوصحافت کے معماروں میں شامل ہیں،آج اردو صحافت کو بڑا نقصان ہوا ہے ،سینئر صحافی رضیہ فرید نے کا کہا کہ میر جاوید رحمٰن نے کہاکہ میر جاویدرحمٰن کا صحافت میں بہت بڑا کردار ہے اور جنگ گروپ ایک ایسے شخص سے محروم ہوگیا جس کا متبادل نہیں ہوسکتا۔

سینئر صحافی اخلاق احمد،میرجاوید کے دوست اورسینئر صحافی وقارعظیمی ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر اے پی این ایس ڈاکٹر تنویر طاہر، زاہد حسین، خالد فرشوری ،سینئر صحافی نصرت جاوید نے بھی میر جاوید رحمٰن کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

تازہ ترین