• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 3 لاکھ ٹیسٹنگ کٹس خریدنے کی منظوری

کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 3 لاکھ ٹیسٹنگ کٹس خریدنے کی منظوری


کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چھ نئی ریپڈ ٹیسٹنگ مشین اور 3لاکھ ٹیسٹنگ کٹس خریدنے کی منظوری دی ہے تاکہ سرکاری شعبے میں کورونا وائرس کی جانچ کی گنجائش میں اضافہ کیا جاسکے۔جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے یہ منظوری ہفتہ کورونا وائرس کے مشتبہ افراد کی جانچ کیلئے کٹس کے دستیاب اسٹاک اور روزانہ جانچ کی موجودہ صلاحیت کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ۔ اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو ، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو ، سیکرٹری صحت ڈاکٹر زاہد عباسی ، سیکرٹری سرمایہ کاری نجم شاہ ، انڈس اسپتال کے ڈاکٹر باری ، ڈاکٹر صبا جمال، ڈا لیب کے ڈاکٹر سعید خان اور ایم بی دھاریجو نے شرکت کی۔ وزیر اعلی سندھ کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کے پاس تقریبا 7500 ٹیسٹنگ کٹس دستیاب ہیں اور اگلے 7 دن تک کیلئے یہ اسٹاک کافی ہے۔ اس پر وزیراعلی سندھ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ مزید تین لاکھ کٹس خریدیں تاکہ کافی تعداد میں اسٹاک دستیاب ہو۔ ماہرین نے بتایا کہ دو لاکھ ٹیسٹنگ کٹس برطانیہ کی کمپنی سے خریدی جاسکتی ہیں۔ ان کٹس کی تکنیکی کمیٹی نے پہلے ہی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلی سندھ نے اس تجویز کی منظوری دی اور انڈس اسپتال کو ہدایت کی کہ وہ اگلے 15 دن کے اندر اس سامان کی فراہمی کیلئے کوشش کریں۔ وزیراعلی سندھ کو بتایا گیا کہ صوبے میں ٹیسٹنگ کی گنجائش 200 سے بڑھا کر 2020 تک کردی گئی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ دن میں کم از کم 5000 تک ہونی چاہئے۔ ماہرین نے انھیں بتایا کہ جب نئی پی سی آر مشینیں خریدیں جائیں گی تو صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین