• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی بھی جماعت کاکارکن ٹائیگرفورس کاحصہ بن سکتاہے،عثمان ڈار

اسلام آباد(اے پی پی)معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کسی بھی سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے نوجوان (کارکن) وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے تشکیل دی گئی ٹائیگر فورس کا حصہ بن سکتے ہیں، نازک صورتحال کے باوجود ٹائیگر فورس میں شمولیت کیلئے بڑی تعداد میں نوجوانوں نے رجسٹریشن کرائی ہے جس پر میں ان کا مشکور ہوں اور ان کی بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں۔ اتوار کو ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم ٹائیگر فورس کو ضلعی سطح پر منظم کریں گے، ان علاقوں سے متعلقہ قومی اسمبلی کے ارکان اور ڈپٹی کمشنرز فوکل پرسن ہوں گے۔ معاون خصوصی برائے امور نوجواناں نے کہا کہ غریب خاندانوں تک راشن کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ایک مناسب طریقہ کار طے کیا جائے گا جس کے بعد ٹائیگر فورس کے نوجوانوں کو اپنے اپنے علاقوں میں ذمہ داریاں سونپی جائیں گی، اس کے ساتھ ساتھ وہ مشتبہ طور پر وائرس سے متاثرہ افراد کی نشاندہی کرنے کے بھی ذمہ دار ہوں گے۔ عثمان ڈار نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے ارکان کو مہلک وباءسے محفوظ رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہو گی اور اس مقصد کیلئے وزیر اعظم آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اور مانیٹرنگ ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے خود بھی ٹائیگر فورس کا حصہ بننے کیلئے رجسٹریشن کرائی ہے۔
تازہ ترین