یورپ میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات50 ہزار سے تجاوز کر گئیں، اٹلی، اسپین، فرانس اور برطانیہ میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔
یورپ بھر میں کورونا وائرس کے6 لاکھ75 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اٹلی میں 15 ہزار877 اور اسپین میں 13 ہزار سے زائد اموات ہوئیں۔
فرانس میں 8 ہزار اور برطانیہ میں 4 ہزار سے زائد افراد اس وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات 70 ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں جبکہ دنیا بھر میں 12 لاکھ84 ہزارسے زائد افراد میں کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے۔
فرانس میں ڈاکٹروں کے ایک گروپ نے کورونا وائرس کے زیادہ سے زیادہ مریضوں کو ملیریا سے بچاؤ کی دوا کلوروکین تجویز کرنے پر زور دیا ہے، جس کیلئے فرانسیسی ڈاکٹروں نے ایک آن لائن پٹیشن شروع کی ہے۔
پٹیشن پر2 لاکھ 15 ہزار سے زائد افراد نے دستخط کردیئے ہیں، جس میں فرانسیسی حکام پر زوردیا گیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے زیادہ سے زیادہ مریضوں کے علاج کیلئے ملیریا سے بچاؤ کی دوا تجویز کریں۔
فرانسیسی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کےشکار مریضوں کو ابتدا میں ملیریا سے بچاؤ کی دوا دینے سے اس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکتا ہے،آن لائن پٹیشن شروع کرنے والے ڈاکٹروں کے گروپ میں فرانس کے سابق وزیر صحت فلپ ڈاؤسٹے بلازی بھی شامل ہیں۔
گزشتہ ماہ فرانس نے کووڈ19 کے سنگین کیسز کے علاوہ سب کیلئے کلوروکین تجویز کرنے کیخلاف حکم نامہ جاری کیا تھا، کورونا کے مریضوں کو ملیریا سے بچاؤ کی دوا دینے پر دنیا بھر کے طبی ماہرین بھی متفق نہیں ہیں۔