• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کی سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈیز کھولنے کی ہدایات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صحت نے سندھ بھر کے تمام سرکاری اسپتالوں میں او پی ڈیز کھولنے کی ہدایات دیدی ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ اگر کوئی اسپتال او پی ڈی نہیں کھول سکتا تو وہ بذریعہ ٹیلی میڈیسن سہولیات فراہم کرے۔ دوسری جانب تمام اسپتال کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے الگ وارڈز اور عملہ مختص کریں ،آئیسولیشن میں کام کرنے والے عملے کو رہائش کیلئے الگ جگہ فراہم کی جائےاور ایمرجنسی، آئیسولیشن وارڈز اور آئی سی یو میں کام کرنے والے عملے کو پی پی ای کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ بدھ کو وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی زیر صدارت سندھ بھر کے تمام اسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور طبی جامعات کے وائس چانسلرز سے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس ہوا،جس میں کورونا کے مریضوں کیلئے الگ وارڈز اور عملہ مختص کرنے کی ہدایات دیں ۔ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ کورونا کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو کورونا ہیلتھ سیفٹی کے حوالے سے آن لائن ٹریننگ دی جائیگی۔ انہوں نے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی روم، آئسولیشن وارڈز اور آئی سی یو میں کام کرنے والے عملے کو پی پی ای کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ ان کاکہنا تھا کہ آئیسولیشن کا عملہ 6-6 گھنٹے کام کریگا، انکو رہائش کیلئے علیحدہ جگہ فراہم کی جائیگی۔
تازہ ترین