• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غریب ممالک کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ کورونا کا مقابلہ کرسکیں، بلاول بھٹو

 بلاول بھٹو   بین الاقوامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وائرس کی صورتحال پر بین الاقوامی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امیر ممالک کو کم وسائل والے ملکوں کی مدد کرنا ہوگی کیونکہ غریب ممالک کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ کورونا کا مقابلہ کرسکیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کورونا کی وبا سے باہمی عالمی تعاون سے ہی نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ وسائل والے ممالک کو صحت کی سہولیات دنیا بھر میں منصفانہ طور پر تقسیم کرنا ہوگی اور عالمی طاقتوں کو اب اپنا رویہ بدلنا ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ آج بھی ایران پر پابندیاں ہیں جہاں لوگ کورونا کی وجہ سے مر رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھارت اب تک مقبوضہ کشمیر کو بند کیے بیٹھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ہے اور لوگوں کے پاس کوئی سہولت نہیں ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان بھی کورونا سے بری طرح متاثر ہوا ہے ہمارا نظام صحت اتنا وسیع نہیں کہ اس وبا کا مقابلہ کرسکیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم لاک ڈاؤن اور سماجی دوری کے ذریعے ہی اس وبا سے بچ سکتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اٹلی اور برطانیہ کا نظام صحت بھی کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے بیٹھ گیا ہے، ہمارے پاس تو اٹلی اور برطانیہ کے مقابلے میں صحت کا نظام بہت کمزور ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ بڑھا تو ہمارا نظام صحت بیٹھ جائے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے وفاقی حکومت کو مشترکہ کاوشوں کی پیشکش کی ہے لیکن افسوس کہ وفاقی حکومت کورونا سے نمٹنے کے لیے سُست روی سے کام کررہی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ صوبے اپنے اپنے طور پر کام کر رہے ہیں، وفاقی حکومت سے صوبوں کو بہت کم مدد مل رہی ہے۔

تازہ ترین