• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اظہار رائے کو پابند سلاسل نہیں کیا جا سکتا

دنیا میں جتنے تعمیری انقلاب آئے وہ دراصل اظہارِ رائے پر مبنی تھے، وقت کے حاکموں نے اسے پابہ زنجیر کرنا چاہا مگر حق کی آواز بلند کرنے والوں اور فلاح و صلاح کے مقابل استبداد کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کی جیت ہوئی، اور آج آزادیٔ فکر کا بول بالا ہے، اب بھی دوسری جانب سے مزاحمت اور چڑھائی کرنے والے موجود ہیں، اور اپنی ضد ہٹ دھرمی کو مسلط کرنے سے گریز نہیں کرتے، کاروانِ میرِ صحافت خلیل الرحمٰن کے سرخیل میر شکیل الرحمٰن کو بد انتظامی کی طاقت کے ذریعے تراشیدہ جرم کی پاداش میں تحقیق و ثبوت سے پہلے گرفتار کر لیا گیا ہے، یہ معکوس کارروائیاں میڈیا کی آزادی کو پابند نہیں کر سکتی، پورے ملک میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہے، شوقِ مشکلات کا جنون رکھنے والی حکومت کیوں قوم کو سچ تک رسائی سے محروم کرنے کی غلطی کر رہی ہے، کیا وہ عقل سلیم سے کام لینے کی صلاحیت بھی کھو بیٹھی ہے، بولنے سے صرف گونگے کو نہیں روکا جا سکتا مگر بولنے والوں کا خوف ہے کہ ان کی زبان بندی کا سامان کیا جا رہا ہے، کیا اقبالؔ کی اس بات کو بھول گئے؎

فرہاد کی خارا شکنی زندہ ہے اب تک

باقی نہیں دنیا میں ملوکیت پرویز

میر شکیل الرحمٰن کی آواز تو آزاد ہے، اُن کے میڈیا ہائوس کے گرد دیوارِ زنداں کھڑی نہیں کی جا سکی، ناکردہ گناہوں کی سزا تو خدا بھی نہیں دیتا، پھر یہ کیا انصاف ہے بے انصافوں کا اپنا نام انصاف رکھنے والوں کا کبھی شرارِ بو لہبی، چراغ مصطفوی ﷺکو بجھا نہیں سکا، حق گوئی و بیباکی کا منہ بند کرنا اپنے گرد حصار تنگ کرنے کے مترادف ہے۔ پنجابی کہاوت ہے کہ ’’ہولے ہولے دکھدے آں کدے بھانبڑ مچ ویسی‘‘ میر شکیل کو زنجیر پہنا کر حقائق کی شکل نہیں بگاڑی جا سکتی ، یہ گرفتاری رنگ لائے گی صیاد اپنے دام میں آنے کی کوشش نہ کرے، میر شکیل الرحمٰن کو باعزت رہا کرے۔

٭٭٭٭

پہلا سوموٹو!

چیف جسٹس آف پاکستان نے پہلا سوموٹو ایکشن لیتے ہوئے کہا ہے:بتایا جائے کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے کیا اقدامات کئے، ماشاء اللہ پہلا قدم ہی کورونا سے کھیلنے والوں کو بے نقاب کرنے والے کو گرفتار کر لیا ہے، ایک ایسا میڈیا ہائوس جو دن رات کورونا کے خلاف جنگ میں وافر حصہ ڈال رہا ہے، آگہی دے رہا ہے، وبا کو روکنے والی دہاڑی کی سیاست آرائی کو بے پردہ کر رہا ہے، امداد کی تقسیم میں ایک خاتون کچلی گئی، یہ ہے وہ نظم و نسق جو اس وبائے ناگہانی کو روکے گا؟ چیف جسٹس کورونا وبا کی روک تھام کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر نہ چلنے والوں سے جواب طلب کریں، یہ اپنے اپنے حلقے مضبوط کرنے کی کوشش ہے یا امداد کی تقسیم؟ اگر ملک کے سب سے بڑے میڈیا ہائوس کو اعتماد میں لے کر اپنا پیامبر بنایا جاتا اس کی مشکلات کا ازالہ کیا جاتا تو آج نتائج مختلف ہوتے، خوشامد اور تنقید میں فاصلہ رکھا جاتا، مگر یہاں تو یہ عالم کہ وبا موت کا رقص کھیل رہی ہے اور حکومت آزاد میڈیا کے پر کاٹ رہی ہے، کیا ان قیامت خیز لمحات میں بھی حکومت، اپوزیشن، میڈیا ایک پیج پر جمع نہیں ہو سکتی؟ ابھی کل کی بات ہے ایک مزدور کو دوسرے مزدور سے کہتے سنا آخر تازہ روزی کے بغیر ہم کیا کریں گے اور اس نے جواب دیا زندہ بچ گئے تو کمائی بھی کر لیں گے ورنہ حکمرانوں کی بدانتظامی ساتھ لے کر داورِ محشر کے پاس چلے جائیں گے۔

٭٭٭٭

ایٹم بم بنانے والے ملک کی بے بسی

وزیراعظم عمران خان:ایٹم بم بنانے والا ملک وینٹی لیٹرز اور کٹس نہیں بنا سکتا؟ ہمیں ہر چیز امپورٹ کرنے کی عادت ہے، ظاہر ہے جہاں گندم ایکسپورٹ کر کے پھر دگنی قیمت پر امپورٹ کرنے کا رواج ہو وہاں ایٹم بنانے والا یہ بم بھی چلا دے تو وینٹی لیٹرز اور کٹس نہیں بن پائیں گی، دنیا کو یہ کیوں نہیں بتایا جاتا کہ دنیا میں بدترین مظالم پر پوری انسانیت اب بھی خاموش ہے کوئی مانے یا نہ مانے یہ وبا ظلم کو نہ روکنے کی سزا ہے، مسلم امہ ہو یا باقی اقوام عالم مقبوضہ کشمیر، فلسطین، شام اور دیگر کئی مقامات پر انسانوں سے روا رکھے جانے والے ظلم کے ذمہ داروں کو کیوں نہیں روکتے، اپنے مفادات کی خاطر، ظالم کا ہاتھ نہ روکنے والے بتائیں کتنا منافع کما لیا ہے؟ کیا مرنے کے لئے اپنے اپنے مفادات اکٹھا کئے جا رہے ہیں، اسی کو کہتے ہیں مرگِ مفاجات، ایٹم بم بنانا نہایت پیچیدہ عمل ہے جسے ہم نے انجام تک پہنچا دیا مگر وینٹی لیٹرز اور کٹس اس لئے نہیں بناتے کہ وہ زندگی بچانے کے کام آتے ہیں مارنے کے نہیں، منفی کام کرنے میں طاق حکومت خود سے یہ سوال کیوں کر رہی ہے کہ ہم وینٹی لیٹرز اور کٹس کیوں نہیں بنا سکتے، کس نے روکا ہے آپ چیف ایگزیکٹو ہیں حکم جاری کریں، جس تندی و تیز رفتاری بے گناہوں کو جیل بھجواتے ہیں وہ رفتار کورونا کے حوالے سے سازوسامان بنانے میں بھی دکھائیں، سارے اختلافات بھلا کر اپنی ضد اور انا کو بالائے طاق رکھ کر سب کو ساتھ لیں متحد ہو کر آگے بڑھیں سب سے بڑا وینٹی لیٹر تیار ہو جائے گا۔

٭٭٭٭

لو آیا کھانے پینے کا موسم

....Oکورونا سے بچنا ہے تو دنیا بھر کے ظالموں کا ہاتھ روکیں، مفادات کی خاطر پورے گلوب کو نہ توڑیں۔

....O اب مرحلہ ہے امداد کی تقسیم کا یوٹیلیٹی سٹورز پر سستی اشیا فراہم کرنے کا اس لئے ہوشیار باش کہ لو آیا کھانے پینے کا موسم۔

٭٭٭٭

تازہ ترین