چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ گندم کی بین الصوبائی ترسیل کا باقاعدہ ریکارڈ ہونا چاہئے، گندم کی خریداری میں کوئی کٹوتی نہیں ہونی چاہئے، جبکہ کھاد اور بیج پر دی گئی سبسڈی کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی زیر صدارت آل پارٹی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا تیسرا اجلاس ہوا جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ چھوٹے کاشتکاروں کو ہر قسم کی پریشانی سے بچایا جائے، گندم پروکیورمنٹ سینٹرز زیادہ بنائے جائیں اور سینٹرز پر کورونا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گندے پانی سے سبزیاں کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو فوڈ اتھارٹی سخت سے سخت سزائیں دے۔
اجلاس میں صوبائی وزراء محمد بشارت راجہ، عبدالعلیم خان، نعمان لنگڑیال کے علاوہ متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی۔
دیگر جماعتوں سے اویس لغاری، سمیع اللّٰہ خان، سید حسن مرتضیٰ، احمد علی اولکھ، ساجد خان بھٹی، محمد معاویہ، خواجہ سلیمان رفیق، امین ذوالقرنین، نذیر چوہان اور سیکریٹری اسمبلی محمد خان بھٹی، عنایت اللّٰہ لک بھی شریک ہوئے۔