• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی کشتیاں ہراساں کریں تو تباہ کردیں، ٹرمپ کا امریکی بحریہ کو حکم

واشنگٹن (اے ایف پی، جنگ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے امریکی بحریہ کو احکامات جاری کیے ہیں کہ وہ امریکی جہازوں کو سمندر میں ہراساں کرنے والی ایرانی کشتیوں پر حملہ کریں اور انہیں تباہ کردیں ، ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ میں نے امریکی بحریہ کو ہدایت دی ہے کہ ایسی کسی بھی یا تمام ایرانی جنگی کشتیوں کو تباہ کر دیں جو ہمارے بحری جہازوں کو ہراساں کریں۔دوسری جانب ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چاہئے کہ وہ دھمکیوں کے بجائے اپنی توجہ اپنے ملک کو بچانے پر مرکوز کریں جسے کورونا وائرس کے ایک بڑے بحران کا سامنا ہے۔ جنرل ابوالفضل شیخارچی نے کہا کہ امریکیوں کو چاہئے کہ وہ اس وقت دوسروں کو دھمکانے کے بجائے کورونا سے متاثرہ اپنے فوجیوں کو بچانے پر توجہ مرکوز کرے۔ادھر ایران کی پاسدارنِ انقلاب نے کہا ہے کہ انہوں نے کامیابی سے ملک کی پہلی فوجی سیٹیلائٹ لانچ کردی ہے، ایران کی جانب سے یہ اقدام دنیا میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنا ہے ۔ پاسداران انقلاب کے مطابق نور نامی سیٹیلائٹ کو ایران کے مرتفع کے وسیع علاقے میں مرکزی صحرا سے 2 اسٹیج کے لانچر قاصد کے ذریعے لانچ کیا گیا اور سیٹیلائٹ زمین کے 425 کلومیٹر مدار پر ہے۔امریکا کی جانب سے ایران پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس کا سیٹیلائٹ پروگرام میزائل بنانے کے لیے ایک کور ہے جبکہ ایران کا مؤقف ہے کہ اس کی خلائی سرگرمیاں بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی صدر کا مذکورہ بیان ایک ہفتہ قبل پیش آنے والے واقعے کے بعد دیا گیا ہے جب ایرانی پاسداران انقلاب کی 11 چھوٹی جنگی سپیڈ بوٹس نے امریکی بحریہ اور کوسٹ گارڈز کے بحری جہازوں کو گھیرے میں لے لیا تھا۔امریکی نائب وزیردفاع ڈیوڈ نورکوئسٹ نے ٹرمپ کے ٹوئٹ کے بارے میں کہا کہ یہ ایرانیوں کیلئے ایک اہم انتباہ ہے تاہم انہوں نے نہیں بتایا کہ آیا امریکا نے خلیج میں اپنی سرگرمیوں کے حوالے سے اپنے پرانے قوانین بدل دیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے جہازوں کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ واضح رہے کہ امریکا کے پانچویں بحری بیڑے کو گزشتہ ہفتے ایران کی جنگی کشتیوں کی طرف سے خلیج بصرہ میں اشتعال انگیزی کا سامنا کرنا پڑا تھا جس پر جوابی کاروائی کی دھمکی دینے سے یہ کشتیاں علاقے سے چلی گئی تھیں۔
تازہ ترین