• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت غلطی نہ کرے، ہم جواب دینےکیلئے تیار ہیں، پاکستان

بھارت غلطی نہ کرے، ہم جواب دینےکیلئے تیار ہیں، پاکستان


اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان نے بھارتی الزامات کو وہم وفریب قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کردیا اور کہا کہ بھارت غلطی نہ کرے ہم جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ دراندازی کے بے بنیاد الزامات اور لانچنگ پیڈز کو نشانہ بنانے کے احمقانہ بھارتی دعوے مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے بھارتی وزیردفاع کے بے بنیاد الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ راج ناتھ سنگھ کا وہم وفریب نیا نہیں، نہ ہی پاکستان مخالف ان کی جنگجوانہ سوچ نئی ہے،باربار کے بھارتی الزامات کا اس کے سوا اور کوئی مقصد نہیں کہ بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی ریاستی دہشتگردی سے دنیا کی توجہ ہٹائی جائے۔

بھارت ان الزامات کو اپنے کسی ”فالس فلیگ“ آپریشن کے بہانے کے طورپر استعمال کرنا چاہتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی الزامات کو بے بنیاد اور مضحکہ خیزقرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ بے بنیاد دعوی اور اشتعال انگیز بیانات کو بھی مسترد کرتا ہے جن میں کہاگیا تھا کہ ”ہم دشمن پر غالب آچکے ہیں“ پاکستان ”دراندازی کی کوششوں“ کے بے بنیادبھارتی الزامات اور لائن آف کنٹرول کے پار ”لانچنگ پیڈز“ کونشانہ بنانے کے من گھڑت احمقانہ دعوئوں کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔

انھوں نےکہا کہ اس سے یہ امر واضح ہورہا ہے کہ بھارتی پراپیگنڈہ مشین نے جھوٹ بولنے کی اپنی رفتار بڑھادی ہے،ترجمان نے کہا کہ صرف 2020 میں بھارت جنگ بندی کی 882 مرتبہ خلاف ورزی کرچکاہے۔

ترجمان نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کی آڑ میں بھارتی قابض افواج خاص طورپر کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنارہی ہیں ۔

مقبوضہ کشمیر میں کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال مزید پیچیدہ اورمشکل ہوگئی ہے ،ڈومیسائل رولز میں ترمیم آرایس ایس،بی جے پی حکمران جتھے کی ایک اور موقع پرستانہ کوشش ہے تاکہ مقبوضے خطے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے اپنے مذموم ارادے پر عمل کرسکے۔

بھارت کے بالا کوٹ مس ایڈونچر پر فوری اور موثر جوابی کارروائی پاکستان کے اس عزم کا واضح اظہار ہے کہ ہم تیار ہیں اور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

کسی بھی جارحیت کوناکام بنانے کے پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم کو بھارت کسی کمزوری پر محمول کرنے کی غلطی نہ کرے، پاکستان کشمیری عوام کی مکمل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

تازہ ترین