• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی فوج کو جواب ملے گا، انڈین فورسز کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور آزاد کشمیر کی شہری آبادی پر حملے قبول نہیں، کنٹرول لائن پر آرمی چیف کی گفتگو

 انڈین فورسز کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم قبول نہیں،آرمی چیف 


 راولپنڈی(ایجنسیاں)بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاویدباجوہ نے کہاہے کہ بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی قابض افواج کے وحشیانہ مظالم اور آزاد جموں و کشمیر میں شہری آبادی کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔

بھارتی اشتعال انگیزی علاقائی امن اور استحکام کے لئے خطرہ ہے‘ہندوستانی فوج کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں پر منہ توڑ جواب ملے گا۔

پاک فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ رہنے والے بے گناہ شہریوں کی حفاظت اور ہر قیمت پر مادروطن کی عزت، وقار اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گی‘پاک فوج کورونا پر قابو پانے کیلئے قومی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔

تفصیلات کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا جہاں انہیں تازہ ترین صورتحال، بھارتی فوج کی جانب سے بار بار سیز فائرکی خلاف ورزیوں میں جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور پاک فوج کی بروقت جوابی کارروائیوں سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کو بتایا گیا کہ بھارتی فوج کی جانب سے جان بوجھ کر معصوم شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنل تیاری اور فوجی دستوں کے اعلی حوصلوں کی تعریف کرتے ہوئے آرمی چیف نے جوانوں اورافسران کی بہادری اورپیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے پابندیوں پر موثر عملدرآمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج وبائی امراض کے خلاف قومی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔

تازہ ترین