صدرِ پاکستان عارف علوی اسلام آباد کی مقامی مٹھائی کی دکان میں ٹوپی اور ماسک پہنے رس ملائی لینے پہنچے، صدر مملکت سماجی فاصلے کی پاسداری اور اپنی باری کے انتظار میں آدھا گھنٹہ قطار میں لگے رہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عارف علوی کے بیٹے عواب علوی نے گزشتہ دنوں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا کی مشہور ہونے والی کیفے میں انتظار کرنے کا واقعہ پر رد عمل دیتے ہوئے اپنے والد کی بھی اسٹوری شیئر کی ۔
عواب علی کا کہنا تھا کہ اُن کے والد جمعے کے روز بغیر کسی پروٹوکول کے رس ملائی لینے پہنچے تھے، جہاں انہیں عام شہری سمجھا گیا اور آس پاس کے لوگ پہچاننے سے قاصر رہے۔
یہ بھی پڑھیے: سماجی فاصلہ ضروری، وزیر اعظم نیوزی لینڈ کیفے میں داخل نہ ہوسکیں
بعد ازاں مقامی مٹھائی کی دکان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر سی سی ٹی وی فوٹیج شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ماسک میں چہرہ چھپائے ڈاکٹر عارف علوی رس ملائی کیلئے دکان میں داخل ہوتے ہیں اور لائن میں لگ جاتے ہیں۔
اس کے بعد وہ باری آنے پر آرڈر دیتے ہیں اور پیچھے جاکر ایک فاصلے پر کھڑے ہوجاتے ہیں تاکہ سیلزمین باقی گاہکوں کو ڈیل کرسکیں اور پھر اپنا سامان لے کر واپسی کی راہ لیتے ہیں۔
یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ آس پاس کھڑے دیگر کسٹمرز بھی صدر مملکت کو پہچاننے سے قاصر رہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دکان مالکان نے صدر عارف علوی کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لئے حیران کن تھا کہ ہم نے صدر پاکستان کو بطور ایک عام گاہک ریسیو کیا۔
ویڈیو شیئر کرنے والے صارف کا کہنا تھا کہ صدر عارف علوی کو اس طرح قطار میں لگے دیکھنا حیران کُن تھا، اگر ہم انہیں بروقت پہچان لیتے تو لازماً انہیں اسپیشل رس ملائی تحفے میں دیتے۔