• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج عید کے دن طیارہ حادثہ متاثرین کیلئے دُعا کریں، ثانیہ مرزا

بھارتی ٹینس اسٹار اور سابق کپتان شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے عیدالفطر کے موقع پر کراچی طیارہ حادثہ متاثرین کو یاد کرتے ہوئے اپنا پیغام جاری کیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ ’یہ عید ماضی کی عیدوں سے کافی مختلف ہیں، ہمیں آج کے دن کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کو یاد کرنا چاہیے۔‘

ثانیہ مرزا نے کہا کہ ’آج عید کے موقع پر کراچی میں پی آئی اے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے لیے دُعا کریں۔‘

ثانیہ مرزا نے کہا کہ ’عید الفطر کےدن انسانیت کے لیے، صحت کےلیے، امن کے لیے، محبت کے لیے اور دُنیا بھر میں یکجہتی کے لیے دُعا کیجیے کیونکہ ہم ایک ایسے دور سے گُزر رہے ہیں جہاں ہم یہ سوچ کر ایک دوسرے سے گلے ملنے سے خوفزدہ ہیں کہ ہم ایک دوسرے کو بیمار کر دیں گے۔‘

بھارتی ٹینس اسٹار نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں کہا کہ’آئیے اِس عید کی خوشیوں میں اور اِس مشکل وقت میں ہم سب ایک ہوجائیں اور پوری دُنیا میں یکجہتی کا پیغام پھیلائیں۔‘

ثانیہ مرزا نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اپنے بیٹے اذہان کے ہمراہ بھی عید کے دن کی تصویر شیئر کی۔

یاد رہے کہ دُنیا کے کئی ممالک کی طرح پاکستان میں گزشتہ روز عید الفطر منائی گئی تھی جبکہ بھارت اور بنگلادیش میں آج عیدالفطر منائی جارہی ہے۔

تازہ ترین