• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزادہ چارلس کو بحرانی کیفیت میں آرکسٹراز، تھیٹرز کی بقا پر تشویش

لندن (پی اے) شہزادہ چارلس نے کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر آرکسٹراز اور تھیٹرز کی بقا کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بیشتر تھیٹرز اور کنسرٹ ہالز لاک ڈائون کے دوران اپنے دروازے بند ہونے کے باعث جدوجہد کا سامنا کر رہے ہیں، کوئی واضح اشارہ بھی نہیں کہ شوز کب شروع ہو سکیں گے۔ پرنس آف ویلز نے کہا ہے کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ ایسی راہیں تلاش کی جائیں کہ آرکسٹراز اور دیگر فن کے ادارے متحرک رہیں۔ شہزادہ چارلس جو کہ آرٹس کے درجنوں اداروں کے سرپرست ہیں، اس امر کو نوٹ کیا کہ فن کے یہ ادارے اکنامی کیلئے انتہائی اہمیت  کے حامل ہیں۔ کلاسک ایف ایم کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں شہزادہ نے کہا کہ یہ انتہائی اہم ہے کہ آرٹس کے یہ ادارے پہلے سے بھی دگنے جوش و خروش کے ساتھ واپس اپنے فن کا مظاہرہ شروع کر دیں۔ نیشنل تھیٹر، رائل شیکسپیئر کمپنی اور سائوتھ بینک سینٹر تمام نے متنبہ کیا ہے کہ کوویڈ۔19 وبا کے باعث حکومت کی اضافی مدد کے بغیر انہیں مالی طور پر تباہی کا سامنا ہے۔ رائل اوپیرا ہائوس، جس کے شہزادہ چارلس سرپرست ہیں، اس کی ہائوس آمدنی میں کورونا کے آ غاز کے بعد سے 60 فیصد کمی ہو چکی ہے۔ شہزادہ نے مزید کہا کہ یہ انتہائی مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، کیونکہ ان حالات میں کوئی کس طرح اپنے کام کا آغاز کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آرٹس کی انتہائی مہنگی قسم ہے مگر یہ انتہائی اہم ہے، کیونکہ اس کے عالمی سطح پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ان حقائق کو دیکھتے ہوئے یہ ضروری ہے کہ ایسی راہیں تلاش کی جائیں تاکہ یہ حیرت انگیز افراد اور ادارے موجودہ بحرانی حالات میں اپنی بقا کو برقرار رکھ سکیں۔ شہزادہ نے ماضی میں جھانکتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے رائل اوپیرا ہائوس کا پہلا وزٹ 1956 میں بالشوئے بیلٹ پرفارم دیکھنے کیلئےکیا تھا۔ 2011 میں شاہی خاندان کی شادی کی سروس میں بیچ، ایلگر، بریٹن اور واگن ولیمز شامل تھے۔
تازہ ترین