• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان کا مقدس مہینہ گزر گیا۔ خدا آپ سب کی عبادتیں قبول فرمائے۔ میں پہلے بھی روزے کے لاتعداد فوائد کے بارے میں عرض کر چکا ہوں۔ جاپانی نوبل انعام یافتہ سائنسدان نے دقیق تحقیق کے بعد یہ بتلایا ہے کہ جب انسان بھوکا رہتا ہے تو بدن میں موجود اچھے بیکٹیریا، بیمار یا خراب بیکٹریا کو کھا جاتے ہیں۔ اس نے بتلایا کہ اگر20،25دن 16,15گھنٹے کھانا پینا بند کردیں تو خراب بیکٹیریا سے نجات حاصل ہو جاتی ہے اس نے خاص طور پر یہ علاج کینسر کے لئے بتلایا ہے۔ اس کو علم نا تھا کہ ہمارے پیارے رسولﷺ نے یہ نسخہ 1400 برس قبل ہمیں بتلا دیا تھا۔ اس فائدے کے علاوہ میڈیکل ڈاکٹرز بھی روزہ رکھنے کے فوائد بتاتے ہیں۔ ہمیں تو یہ علم ہے کہ انسان اس ماہ میں خدا کی جانب زیادہ رجوع کرتا ہے اور عبادت میں مشغول رہتا ہے، اسے بھوکا رہنے سے ان لوگوں کی کیفیت کا اندازہ ہو جاتا ہے جو غریب ہیں اور مجبوراً بھوکے رہتے ہیں۔ آج چند اہم دینی کتب کے بارے میں آپ کی توجہ مبذول کرانا چاہتا ہوں۔

(۱)پہلی نہایت ہی مفید اور کارآمد کتاب ’’قرآن سرچ انڈیکس‘‘ ہے جس کی تدوین و ترتیب محترمہ شاہینہ تمیز الدین صاحبہ نے کی ہے۔ انہوں نے اس بیش بہا خزینہ کو اپنے پیارے والدین سے منسوب کیا ہے۔ شروع میں ہی آپ نے سورۃ ص کی 29ویں آیت کی جانب توجہ دلائی۔ ’’ہم نے آپؐ کی طرف ایک مُبارک کتاب نازل کی تاکہ وہ اس کی آیات پر غوروفکر کریں اور عقل والے نصیحت پکڑیں‘‘۔ اس کے ساتھ ہی آپ نے سورۃ الزمر آیت 66کا ترجمہ بھی پیش کیا ہے، ’’تم اللہ ہی کی عبادت کرو اور شکر گزاروں میں شامل ہو جائو‘‘۔ آپ نے اس اعلیٰ معلوماتی کتاب کا اس طرح تعارف کرایا ہے۔

’’زیر نظر قرآن انڈیکس میں آیات کو ان کے موضوع کے اعتبار سے ترتیب دیا گیا ہے تاکہ جب کسی موضوع پر قرآن سے رہنمائی حاصل کرنی ہو تو انڈیکس کے ذریعے تلاش کرنے میں آسانی ہو۔ آپ نے ہدایت کی ہے کہ قرآن کی تلاوت کے ساتھ ساتھ لفظی ترجمہ بھی پڑھتے رہنا چاہئے اس طرح کہ قرآن سمجھنا (یعنی تقویٰ، آخرت اور اللہ کے احکامات، ہدایات، حقوق و فرائض، دنیا میں انسان کو بھیجنے کا مقصد وغیرہ) واضع ہو جائے۔

’’اللہ تعالیٰ نے بار بار غوروفکر کرنے کا فرمایا ہے اس لئے ہر فرد کو قرآنی آیات پر غور و فکر کرنا چاہئے تاکہ دوسروں کی محتاجی نہ رہے۔ قرآن کا ایک بڑا حصّہ (پیغمبروں) کے قصّے اور واقعات پر مشتمل ہے، ان سورتوں کو ترجمہ کے ساتھ پڑھنے سے ہم اسکو باآسانی سمجھ سکتے ہیں۔ کچھ سورۃ قرآن میں ایسی ہیں جن کو سمجھنے کے لئے سورۃ کا شانِ نزول معلوم ہونا ضروری ہے، اسکے لئے ہم کو تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہئے‘‘۔

’’اللہ تعالیٰ پہلے قرآن کے واقعات قرآن میں بیان کرتا ہے اور نافرمان لوگوں کی رسوائی و ذلّت کا ذکر کیا گیا ہے تاکہ آنے والے لوگ اس سے سبق اور نصیحت حاصل کریں‘‘۔

’’انڈیکس ترتیب دیتے وقت کوشش کی گئی ہے کہ اگر ایک آیت میں دو تین موضوعات کا ذکر ہے تو اس آیت(سورۃ) کو انڈیکس میں سب سے نیچے، انڈیکس میں تمام موضوعات کے نیچے نمبر دیا گیا ہے‘‘۔

محترمہ شاہینہ تمیز الدین فرماتی ہیں کہ اس انڈیکس کے ذریعے ہم زندگی کے کسی بھی مسئلے پر قرآن سے آسانی سے رجوع کر سکتے ہیں۔ اس کتاب میں ایک سیکشن آیات کا ہے جن میں انبیاء اور پیغمبروں کے قصّے بیان کئے گئے ہیں، ان کی نشاندہی آیات و نمبروں سے کی گئی ہے۔ ایک حصّہ حکم آیات کا ہے وہ آیات جن میں اللہ تعالیٰ اچھے عمل کا حکم دیتا ہے اس کے علاوہ شرعی آیات بمعہ سورۃ اور آیات نمبر انڈیکس میں شامل کی گئی ہیں۔ ایسی کتابیں ہر مسلمان کے گھر میں ہونا ضروری ہے۔ بچوں کو اسکول کے درمیانی حصہ میں ایسی معلوماتی کتابوں کا مطالعہ کرانا چاہئے۔

(2) دوسری اچھی معلوماتی کتاب ’’توحید کا قرآنی تصور‘‘ ہے۔ یہ کتاب جناب صلاح الدین ایوبی صاحب نے تحریر کی ہے۔ صلاح الدین صاحب قلم کے غازی ہیں اور ماشاء اللہ اب تک گیارہ کتابیں لکھ چکے ہیں۔ اس کتاب پر بہت اچھا تبصرہ جناب شیخ الحدیث احمد حقانی بالاکوٹی نے کیا ہے۔ اس تبصرے کے بعد مزید کچھ کہنے اور لکھنے کی جسارت نہیں کرسکتا۔ کتاب بہت اچھی ہے اور مواد بھی بہت اعلیٰ ہے۔ آپ پڑھ کر دیکھ لیں۔ کتاب رکھنے کو جی نہیں مانے گا۔

(3) تیسری اہم کتاب عجمی کا مطالعہ قرآن ہے۔ اس کو جناب ڈاکٹر اے آر خالد صاحب نے تحریر کیا ہے لاہور سے شائع ہوئی ہے۔ اس کتاب میں مختلف قرآنی موضوعات پر ماہرانہ تبصرہ کیا گیاہے۔ جناب ڈاکٹر اے آر خالد بہت تجربہ کار، ہمہ گیر شخصیت کے مالک ہیں۔ غیر ممالک میں بھی درس و تدریس سے منسلک رہے ہیں۔ امریکہ میں بھی یہ سلسلہ جاری رکھا تھا۔ اخبارات میں نہایت فکر انگیز کالم، کتب، مقالے، لیکچرز لکھتے رہے ہیں۔

تمام اہلِ پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں نے عیدالفطر منائی۔ اللہ پاک سب کو بے انتہا مہربانیاں عطا فرمائے، ہر شر و بیماری، بُرائی سے محفوظ رکھے، رزق میں برکت دے اور عمر دراز کرے۔ آمین ثم آمین

تازہ ترین