• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید کے تین روز میں خواتین سمیت 34 ملزمان گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عیدالفطر کے تینوں روزپولیس نےمختلف علاقوں میں جوئے اور فحاشی کے اڈے سمیت دیگرکارrوائیوں کے دوران موٹرسائیکل و کار لفٹرز، منشیات اورگٹکا فروشوں سمیت 34ملزمان کو گرفتار کیا،گرفتارملزمان میں 8 خواتین بھی شامل ہیں،گرفتارملزمان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات، مسروقہ موٹر گاڑیاں دیگر سامان برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق اے وی ایل سی کورنگی نے موٹرسائیکل مکینک عادل مراد کو گرفتارکرکے دوموٹر سائیکلیں، چار چیسسز اور ایک انجن کا پیس برآمد کرلیا،ملزم کے دیگر تین ساتھیوں موٹر سائیکل چور زین ،عزیز الرحمٰن اورعا شق الرحمٰن کی تلاش جاری ہے۔اے وی ایل سی نیو کراچی نے تین کار لفٹرز بچل،اصغر ملک اور سائیں حسین کو گرفتارکرکے کھارادراورگلشن اقبال سے چوری شدہ دو کاریں برآمد کرلیں،ملزم چوری شدہ کاریں کشمور اور جیکب آباد میں فروخت کیاکرتے تھے۔سرجانی ٹاؤن پولیس نے منشیات فروش قربان عرف پپو کو گرفتارکرکے ایک کلو 20 گرام چرس برآمد کرلی،جبکہ دو موٹرسائیکل چوری کرنے والے ملزمان محمد عمران اور ناصر کو گرفتار کر کے مسروقہ سامان اور موٹرسائیکل برآمد کرلی۔پی آئی بی کالونی پولیس نے موٹرسائیکل لفٹرپرکاش کو گرفتارکرکے جمشید کوارٹر تھانے کی حدود سے چوری شدہ چار موٹرسائیکلیں برآمد کرلیں،جبکہ ملزم وقاص کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔جیکسن پولیس نے منشیات فروش ذاکر اللہ کو گرفتارکرکے ایک کلو 20 گرام چرس برآمد کرلی۔اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود سے اسلحے کے زور پر سپاہی حسین منظور سے لوٹ مارکرکے فرار ہونے والے دو ملزمان کو تعاقب کے بعد ایس ایس پی ڈاکٹرنجیب کے ڈرائیور نے پکڑ کراورنگی ٹاؤن پولیس کے حوالے کردیا۔بلال کالونی پولیس نے ملزم شہروز کو گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

تازہ ترین