• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی ٹڈی دل کیخلاف نیب کا احتسابی اسپرے بھی ضروری ہے، فیاض چوہان

وزیرِاطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب میں ٹڈی دل کے خلاف مؤثر کاروائیاں جاری ہیں ، پاکستان کی معیشت پرحملہ آورسیاسی ٹڈی دل عناصر کے خلاف نیب کا احتسابی اسپرے بھی ضروری ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے حکومتی کارروائیوں پر شہباز شریف کی تنقید کاجواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ 2019 ءسے ہی بزدار حکومت، پی ڈی ایم اےاور محکمہ زراعت سمیت متعلقہ ادارے ٹڈی دل سے بچاؤ پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کو لوٹنے والےٹڈی دل گروہ کےسرغنہ شہبازشریف نیب کے اسپرے سےچھپنے کی کوشش میں ہیں، پاکستان کی معیشت پرحملہ آور سیاسی ٹڈی دل عناصر کے خلا ف نیب کا احتسابی اسپرے بھی ضروری ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب میں فصلوں پر ٹڈی دل کے اثرات تخمینہ شدہ نقصانات کے1 فیصد سے بھی کم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ گندم، چنے کی پیداوار میں اضافہ بزدار حکومت کے بروقت حفاظتی اقدامات کا ثبوت ہے، متاثرہ علاقوں میں فصلوں کی دوبارہ کاشت سے نقصان میں کافی کمی لائی جاچکی ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں فصلوں، کسانوں کی بحالی کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

تازہ ترین