قومی رابطہ کمیٹی پیر کو اپنے اجلاس میں کاروبار کھولے جانے کا فیصلہ کرے گی، کراچی کا کاروباری طبقہ چاہتا ہےکہ تمام کاروبار کھولے جائیں اور کاروبار کا دورانیہ بھی بڑھایا جائے۔
سپریم کورٹ کے احکامات پر کراچی کے کاروبار کو 31 مئی تک صبح 10 بجے سے شام 5 بجےتک کھولنے کی اجازت ہے لیکن یکم جون سے کاروبار کی کیا صورتحال ہوگی اس کا فیصلہ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ہونا ہے۔
قومی رابطہ کمیٹی کے پیر کو ہونے والے اجلاس کے شرکاء کو کراچی کے دکانداروں کی جانب سے تجاویز ارسال کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کاروبار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ 3 ماہ کے لاک ڈاؤن اور اسکے نتیجے میں ہونے والے نقصانات سے پریشانی بڑھ رہی ہے اور بے روزگار ی کا خوف بھی سر پر منڈلا رہا ہے۔
دوسری جانب اسٹیٹ بینک کی روزگار بچاؤ اسکیم کا دائرہ کار اس سطح پر نہیں پہنچ رہا ہے، جبکہ لاک ڈاؤن پر وفاق اور سندھ حکومت کی رسہ کشی تاحال جاری ہے۔