• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جہاز حادثے سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا، حلیم عادل

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما و پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ، کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان، دعا بھٹو، عمران صدیقی، آفتاب قریشی، یاسر بلوچ اور و دیگر پی آئی اے افسران کے ہمراہ سول اسپتال برنس سینٹر پہنچے اور طیارہ حادثے میں زخمی دو بچیوں کو پی آئی اے کی جانب سے پانچ پانچ لاکھ کیش معاوضہ دیا، جاں بحق ہونے والی ناہیدہ کے ورثاکو کل دس لاکھ روپے کیش معاوضہ دینے کا اعلان کیا۔ حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جہاز حادثے سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا اور اس سانحے میں جن کا کوئی نقصان ہوا ہے وہ رابطہ کریں، ہم تدارک کروائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں جعلی ڈومیسائل میں سندھ حکومت ملوث ہے، ڈومیسائل کے معاملے پر سندھ کے عوام کے حق پر کسی کو ڈاکا نہیں ڈالنے دیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے پیپلزپارٹی کے سربراہوں کی کرپشن کے لئے پل کا کردار ادا کیا ہے 12 سالوں سے خزانے کی کنجی وزیر اعلیٰ کے پاس تھی، وزیر اعظم نے 1200ارب کا پیکج دیا ہے سندھ حکومت نے کیا دیا راشن کی جگہ عوام کو بھاشن دیا گیا ہے۔خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت عوام کو کسی بھی طرح کا ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے ،اور صرف بیانات کے ذریعے چلائی جارہی ہے۔
تازہ ترین