کراچی طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والے بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود کو کراچی کے نجی اسپتال سے علاج کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
نجی اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق ظفر مسعود کی تین سرجریز کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آتے ہوئے پاکستان انٹر نیشنل ایئرلائنز کی پرواز پی کے 8303 لینڈنگ سے چند سیکنڈز قبل ملیر ماڈل کالونی کے رہائشی علاقے میں کریش کرگئی تھی۔
اس طیارے میں سوار 99 افراد میں صرف دو ہی افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے جن میں ایک بینک آف پنجاب کے سی ای او تھے۔
ظفر مسعود طیارہ کریش ہونے کے ساتھ ہی اپنی سیٹ سمیت قریب کھڑی ایک گاڑی پر آگرے تھے۔
وہاں موجود لوگوں نے انہیں اٹھایا اور ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر اسپتال روانہ کیا۔
وہ 22 مئی سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔