• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ اسمبلی ،ارکان کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ کے بغیر اجلاس میں شرکت

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی ،ارکان کے لیے کورونا ٹیسٹ لازم لیکن رپورٹ کے بغیر اجلاس میں شرکت کی اجازت سے ایس او پی سوالیہ نشان بن گئے، کیا اب تمام ارکان کے دوبارہ ٹیسٹ ہونگے یہ سوال اٹھ گئے، تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی اجلاس بلایا گیا تو اس کے لئے ایس او پی کا اعلان ہوا ،اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلیے کوروناٹیسٹ لازم قرار دیا گیا ۔ اجلاس میں آنے والے ارکان کے لئے سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں تھیں ارکان اسمبلی کو حفاطتی کٹس، دستانے، ماسک مہیا کئے گئے تھے جبکہ اسمبلی احاطے میں داخل ہونے والی گاڑیوں تک کو سینٹائز کیا جارہا تھا لیکن دلچسپ اور حیران کن بات یہ سامنے آئی کہ تمام ارکان کے ٹیسٹ تو ہوئے لیکن ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت ہے یا منفی ، ٹیسٹ رپورٹ آنے سے پہلے ہی انھیں اجلاس میں شرکت کی اجازت دیدی گئی۔جس سے اسمبلی میں نئی پریشان کن صورتحال سامنے آئی ہے ۔نماز جمعہ کے وقفے کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغاسراج درانی کی زیر صدارت دوبارہ شروع ہوا تو ایوان کو بتایا گیا کہ ایم کیوایم پاکستان کی خاتون رکن شاہانہ اشعر کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا ہے جس پر وہ اجلاس چھوڑ کر چلی گئیں۔ رکن اسمبلی شاہانہ اشعر کی رپورٹ ٹیسٹ کے چار روز بعد موصول ہوئی ہے اور وہ تین روز سے اسمبلی آرہی تھیں۔

تازہ ترین