آپ آف لائن ہیں
ہفتہ19؍ذیقعد 1441ھ11؍جولائی 2020ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ امریکا کی معیشت میں بہتری


کورونا وائرس کی وباء سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکا کی معیشت میں اب بہتری کے آثار نظر آنے لگے ہیں۔

امریکی لیبر ڈپارٹمنٹ کے مطابق لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد مئی میں 25 لاکھ نوکریاں دی گئی ہیں۔

ملک میں ملازمتوں میں اضافے پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ جارج فلائیڈ کے لیے عظیم دن ہے۔

نوکریاں بڑھنے کو جارج فلائیڈ کے لیے عظیم دن قرار دینے پر امریکی صدر ٹرمپ کو تنقید کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔

امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 11 ہزار 390 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 19 لاکھ 65 ہزار 708 ہو چکی ہے۔

امریکا کے اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں 11 لاکھ 15 ہزار 672 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 17 ہزار 121 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 7 لاکھ 38 ہزار 646 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

امریکی ریاست نیو یارک اس موذی وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے جہاں 30 ہزار 372 کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ کل کورونا مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 96 ہزار 699 ہو چکی ہے۔

ریاست نیو جرسی میں کورونا وائرس سے 12 ہزار 82 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ یہاں 1 لاکھ 65 ہزار 162 کورونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

کیلی فورنیا میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 4 ہزار 558 اور مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 26 ہزار 408 تک جا پہنچی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: امریکا، کورونا سے 1 لاکھ 11 ہزار افراد ہلاک

ریاست الینوئیس میں کورونا سے 5 ہزار 795 اموات واقع ہوئی ہیں جبکہ 1 لاکھ 25 ہزار 915 کورونا مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں۔

ایک لاکھ سے زائد کورونا کیسز کی حامل امریکی ریاست میسا چوئسٹس اس فہرست میں 1 لاکھ 2 ہزار 557 کورونا مریضوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جہاں یہ وائرس 7 ہزار 235 افراد کی جانیں لے چکا ہے۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 68 لاکھ 44 ہزار 842 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 3 لاکھ 98 ہزار 147 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 30 لاکھ 97 ہزار 690 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 53 ہزار 617 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 33 لاکھ 49 ہزار 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید