• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلی بار اموات 100 سے اوپر، پاکستان میں کورونا سے ہلاکتوں اور کیسز کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، مریض 98 ہزار سے زیادہ، 111 کی حالت تشویشاک، 32581 صحت یاب

کراچی (ٹی وی رپورٹ، اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس کی ہلاکت خیزی جاری ہے، پاکستان میں پہلی بارکورونا وائرس سے اموات 100 ؍سے اوپر ہوگئیں، یہ ہلاکتیں جمعہ اور ہفتے کے درمیان ہوئی، جسکے بعد ہلاکتوں اور کیسز کی تعداد کے تمام پچھلے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ 

رکن سندھ اسمبلی غلام جیلانی، پنجاب اسمبلی سیف الملوک ،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم بھی کورونا کا شکار ہوگئے۔ 

دوسری جانب مکمل لاک ڈائون کی کھلی خلاف ورزی جاری ہے، لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ نے لاہور، پنڈی، پشاور، فیصل آباد، سرگودھا،نصیر آباد، ڈیرہ مراد جمالی اور دیگر شہروں میں سینکڑوں دکانیں سیل کردیں اور جرمانے عائد کیے ، جبکہ کئی مقامات پر گرفتاریاں بھی ہوئیں،کراچی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 63؍ ڈرائیور گرفتارکرکے ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ہفتے کو ملک میں کورونا سے مزید 99 افراد انتقال کرگئے جسکے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1998 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 98227 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک سندھ میں 634 اور پنجاب میں کورونا سے 683 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 561 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اسکے علاوہ بلوچستان میں 54 ، اسلام آباد 45، گلگت بلتستان میں 13 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ 

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 660508؍ افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ 32581؍ کورونا مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ جبکہ 111؍ مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 

ہفتہ کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 6862 کیسز اور 99 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن میں پنجاب سے 3946 کیسز اور 54 ہلاکتیں، سندھ سے 1475 کیسز اور 19 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 542 کیسز اور 20 ہلاکتیں، بلوچستان سے 445 کیسز، اسلام آباد سے 377 کیسز اور 4 ہلاکتیں، گلگت بلتستان سے 45 کیسز اور ایک ہلاکت اور آزاد کشمیر سے بھی 32 کیسز اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

ہفتے کو پنجاب سے کورونا کے مزید 3946 کیسز اور 54 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کی گئی۔ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 37090 اور ہلاکتیں 683 ہوگئی ہیں۔صوبے میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 8109 ہے۔ 

سندھ میں کورونا کے مزید 19 مریض انتقال کر گئے اور 1475 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 19 مریض انتقال کر گئے۔ 

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا کے باعث انتقال کرنے والوں کی تعداد 634 ہوگئی ہے اور صوبے میں 1475 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس میں سے 990 کا تعلق کراچی سے ہے۔ 

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 36364 ہو گئی ہے جس میں سے 388 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے اور 58 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔ 

مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 18 ہزار ہو گئی ہے۔خیبر پختونخوا میں ہفتے کو مزید 542 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جب کہ 20 افراد وائرس سے جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 561 تک جا پہنچی ہے۔ 

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق کے پی میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 13001 ہوگئی۔ صوبے میں اب تک 3450 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ 

بلوچستان میں ہفتے کوکورونا وائرس کے مزید 445 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6221 ہوگئی جبکہ اب تک صوبے میں 54 افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ بلوچستان میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2175 ہے۔

اسلام آباد سے ہفتے کو کورونا وائرس کے مزید 377 کیسز اور 4 ہلاکتیں سامنے آئیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔جسکے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 4323 ہوگئی ہے جب کہ 45 افراد انتقال بھی کر چکے ہیں۔ اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 629 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ 

آزاد کشمیر میں ہفتے کو کورونا کے مزید 32 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔جس کے بعد علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 331 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ 

سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 182 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گلگت بلتستان سے بھی ہفتے کو کورونا کے 45 نئے کیسز اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔ 

حکومتی اعدادو شمار کے مطابق علاقے میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 897 اور اموات 13 ہو چکی ہیں جب کہ 541 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ 

ادھرلاہور ہائیکورٹ کے جج، قومی وپنجاب اسمبلی کے2،2، سندھ اسمبلی کا ایک رکن کورونا میں مبتلا ہوگیا۔ متحدہ قومی موومنٹ ے ایک اور رکن سندھ اسمبلی غلام جیلانی خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل انکی صحت کی بہتری سے متعلق دعائیہ خبر کے مطابق انھوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے جسٹس شاہد کریم کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے ۔ جسٹس شاہد کریم نے خود کر گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ 

مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کی کورونا وائرس کی رپورٹ مثبت آگئی جسکے انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ لیگی رکن پنجاب اسمبلی یاسین سوہل کے دو صاحبزادے چوہدری عشارب سوہل ایڈووکیٹ اور حارث سوہل ایڈووکیٹ کابھی کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔

ادھر ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن کے باوجود لاہور سمیت دیگر شہروں میں دکانیں کھولنے پر سینکڑوں دکانیں سیل کر دی گئیں، متعدد کو جرمانے کئے گئے جبکہ بعض دکانداروں کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئیں۔ 

ڈپٹی کمشنر لاہور دانش افضا ل کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران کورونا وائرس ایس اوپیز پر عملدرآمد کروانے کیلئے متحرک ہے،اسسٹنٹ کمشنر کینٹ اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن فیلڈ میں متحرک ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نے تحصیل کینٹ میں 60 دکانوں کو سیل جبکہ 40 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ 

لاہور میں دو واٹر پارک کو بھی سیل کر دیا گیاہے۔دونوں پارکس فعال تھے لیکن ایس اوپیز پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا تھا اور5 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر پاکپتن کی ہدایات پرضلع پاکپتن میں کورونا وائر س سے بچاؤ کےلئے حکومتی ہدایات و ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پرچھ دکانیں سربمہر کردی گئی ہیں اور متعدد کوجرمانے بھی کئے گئے ہیں۔

فیصل آباد میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گزشتہ تین دن میں ایک ہزار سے زائد دکانیں، شاپنگ سنٹر اورریسٹورنٹس سیل جبکہ ٹرانسپورٹ بند کر دی گئی ہے۔

سرگودھا میں اندرون شہر دکانیں کھول کر کاروبار کی اطلاعات پر انتظامیہ نے دکانداروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا 20دکانوں اور پلازہ کو سیل کردیا۔ کراچی میں ٹریفک پولیس نے ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر پبلک ٹرانسپورٹ کے 63 ڈرائیوروں کو گرفتار کرلیا ۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق شہر قائد میں پبلک ٹرانسپورٹ کی جانب سے طے شدہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے کے خلاف 63 ڈرائیوروں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلئے اور 296 گاڑیوں کو موٹر وہیکل قوانین کے تحت چالان کرتے ہوئے ان پر بھاری جرمانہ عائد کیا ہے۔

تازہ ترین