چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا ویڈیو لنک کے ذریعے رابطہ ہوا ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بدترین معاشی حالات میں وفاق سندھ کے 229 ارب روپے نہیں دے رہا۔
وزیر اعلی سندھ نے پی پی چیئرمین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے باوجود ہم نے ایک ایسا بجٹ پیش کیا جو عوام دوست، غریب پرور اور کسانوں کی توقعات کے مطابق ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی عوامی حکومت کی جانب سے متوازن بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ کو سراہا۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ، ٹڈی دل اور غربت کے خاتمے کے حوالے سے سندھ بجٹ عوام کی ضروریات کے مطابق ہے۔
انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی اور وفاق کا تعاون نہ ہونے کے باوجود سندھ بجٹ میں صحت، تعلیم اور زراعت کیلئے زیادہ فنڈز رکھے گئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت نے بجٹ میں صحت، تعلیم اور زراعت کیلئے زیادہ فنڈز رکھ کر اپنے منشور کے مطابق عمل کیا، وفاق و دیگر صوبوں کی پی ٹی آئی حکومتوں نے سرکاری ملازمین کو ناقابل برداشت مہنگائی کے حوالے کردیا۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ سندھ حکومت نے نہ صرف تنخواہوں میں اضافہ کیا، بلکہ زندگیوں کو بچانے کیلئے شعبہ صحت کے فنڈز بھی بڑھائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت میں نہ وہ اہلیت ہے اور نہ نیت کہ وہ عوام کی فلاح کا سوچ بھی سکے، جبکہ پی ٹی آئی حکومت ابھی پی پی پی سے بہت پیچھے ہے کہ سندھ حکومت نے غربت میں کمی کے پروگرام کیلئے بھی فنڈز رکھے ہیں۔