پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سرگودھا میں کورونا سے ڈاکٹر امین کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے ڈاکٹر امین کے درجات کی بلندی کے لئے دعا بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر، نرسز ودیگر پیرا میڈیکل اسٹاف کورونا کے خلاف اگلے محاذ کے سپاہی ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہم اپنے ڈاکٹرز، نرسز و دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف کے ساتھ کھڑے ہوں۔
پاکستان: کورونا کیسز 165062، اموات 3229
پاکستان کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی ممالک کی فہرست میں 14 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 4 ہزار 944 نئے کورونا مریض سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 136 افراد اس وائرس کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 65 ہزار 62 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 3 ہزار 229 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک میں 1 لاکھ 450 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 61 ہزار 383 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دوسرے صوبوں سے زیادہ 62 ہزار 269 ہو چکی ہے ، جبکہ 964 کورونا مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 61 ہزار 678 مریض سامنے آئے ہیںجبکہ اس سے ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ 1 ہزار 265 ہو گئی ہیں۔
خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 20 ہزار 182 ہو چکی ہے جبکہ اموات 773 ہو گئیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 9 ہزار 941 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 95 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 8 ہزار 998 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 99 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔
گلگت بلتستان میں 1 ہزار 225 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 18 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
آزاد کشمیر میں کورونا کے اب تک 769 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس وائرس سے 15 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔