پھلوں کا بادشاہ آم غذائیت سے بھر پور پھل ہے جس کے استعمال سے خوبصورتی میں بھی اضافہ کیا جا سکتا ہے اور کئی طرح کے جلد کے مسائل سے بچا جا سکتا ہے ۔
موسم گرما کا پھل آم کا سب ہی کو بے چینی سے انتظار ہوتا ہے ، مارکیٹ میں آم کی کئی طرح کی اقسام دستیاب ہوتی ہیں.
صاف اور چمکتی جلد میں آم کیا کردار ادا کرتا ہے یہ پڑھنے کے بعد آپ آم کھانے سمیت اس کا فیس ماسک بنا کر چہرے پر لگانے پر بھی مجبور ہو جائیں گے ۔
ماہرین جلدی امرض کے مطابق اس پھل میں وٹامن سی ، اے اور متعدد منرلز جیسے کہ کوپر ، پوٹاشیم اور میگنیشیم پائے جانے کے سبب اس کا استعمال صاف شفاف جلد کے حصول کے لیے بھی کیا جا سکتا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق آم کے 100 گرام میں 60 کیلوریز، 1 ملی گرام سوڈیم، 168 ملی گرام پوٹاشیم اور 15 گرام کاربوہائیڈریٹس، 0.8 گرام پروٹین پایا جاتا ہے جبکہ 21 فیصد وٹامن اے ، 60 فیصد وٹامن سی ، 5 فیصد وٹامن بی 6 ، کیلشیم اور آئرن 1 ،1 فیصد پایا جاتا ہے ۔
آم کا ماسک بنا کر چہرے پر لگانے سے کیا فوائد حاصل ہوتے ہیں ؟
سن ٹین ختم کرتا ہے
آم کے گودے میں ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس ملائیں اور اسے سورج کی شعاؤں کے نتیجے میں کالی پر جانے والی جلد پر لگائیں ، اس ماسک کو 15 سے 20 منٹ لگا رہنے دیں ، بعد ازاں ٹھنڈے پانی سے دھو لیں ، سورج کی شعاؤں کے سبب دو رنگ کی اسکن ایون ٹون یعنی نکھر جائے گی۔
اینٹی آکسڈنٹ ماسک
آم کا گودا یاسوکھے ہوئے آم کا پاؤڈر لے لیں، دو چائے کے چمچ گودے میں 1 چائے کا چمچ سبز چائے کا پاؤڈر ملا لیں، اب اس مرکب کو اچھی طرح سے یک جان کر لیں ، اب اس ماسک کو 20 منٹ کے لیے چہرے ، ہاتھوں اور گردن پر لگائیں اور 20 منٹ بعد ٹھنڈے پانی سے دھو لیں ، اسکن نکھری نکھری چمکتی ہوئی نظر آئے گی۔
ایکسفولی ایشن ماسک
ماحول کی گندگی اور گرد و غبار کا اثر چہرے کی جلد کو بے حد متاثر کرتا ہے جس کے سبب چہرے پر مردہ خلیے اور گرد و غبار جم جاتی ہے ، مرجھائی ہوئی جلد سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے آم کا گودا، دودھ اور شہد ایک ایک چمچ ملا لیں اور اس ماسک سے چہرے پر ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں، چہرے سے اضافی چکناہٹ، دھول مٹی ، مردہ خلیوں کا صفایا ہو جائے گا ۔
چہرے کی تازگی برقرار رکھنے اور چمکتی جلد حاصل کرنے کے لیے اس ماسک کو روزانہ 10 منٹ لگائیں۔
ایکنی کے خاتمے کے لیے آم کا ماسک
آم کا گودا، دہی اور شہد دو ، دو چمچ لے لیں ، اب ان اجزاء کوچھی طرح سے پھینٹ کر پیسٹ بنا لیں، ا ب اس ماسک کو 15 سے 20 منٹ کے لیے چہرے پر لگائیں ، یہ ماسک ایکنی کے خاتمے کے لیے نہایت مفید ہے ، اس ماسک سے جلد سے اضافی تیل، کا خاتمہ ہوتا ہے اور داغ دھبے بھی صاف ہو جاتے ہیں ۔
خشک جلد کو نرم و ملائم بنانے کے لیے
2 چائے کے چمچ آم کے گودے میں ایک چمچ دلیہ اور 2 چائے کے چمچ کچا دودھ ، 2 سے 3 بادام پیس کر شامل کر لیں ، اب ان اجزاء کو اچھی طرح سے پھینٹ کر یک جان کر لیں، اب اس ماسک کو 15 منٹ کے لیے چہرے پر لگا لیں اور 15 منٹ بعد ہلکے ہاتھوں سے مساج کر لیں ، یہ گھر کا بنا ہوا ایک بہترین اسکرب ہے جس کے استعمال سے آپ کی جلد دنوں میں نرم و ملائم ہو جائے گی اور جھریوں کا بھی خاتمہ ہوگا ۔
احتیاطی تدابیر
اگر آم سے بنے ہوئے ماسک کے استعمال سے چہرے پر خارش یا جلن محسوس ہوتو فوراً اس ماسک کو دھو لیں ۔
ان ماسک کو موٹی اور ذیادہ ایکنی والے افراد اپنے چہرے پر استعمال کرنے سے گریز کریں۔
اگر آپ جلد کے لیے ڈاکٹر کی تجویز کردہ کوئی کریم یا لوشن استعمال کر رہے ہیں تو ان ماسک کا استعمال ہر گز نہ کریں۔
اگر آپ نے کاسمیٹک سرجری کروا رکھی ہے تو ان ماسک کا استعمال کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کر لیں ۔