لاہور( این این آئی)راولپنڈی کے مختلف سیاحتی مقامات کو مری کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ۔مشیر وزیراعلی برائے سیاحت آصف محمود نے کوٹلی ستیاں، پنج پیر کا دورہ کیا ۔وہ نڑھ اور پرنڈلا کے ٹورسٹ سپاٹس پر بھی گئے۔انہوں نے مری تک براستہ بن کروڑ رابطہ سڑکیں بنانے کی منصوبہ بندی کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ کوٹلی ستیاں، نڑھ، پنج پیر، پرنڈلا خوبصورت سیاحتی مقامات ہیں، قدرتی حسن اور پوٹینشل کے باوجود ان مقامات کو نظرانداز کیا گیا،۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب سیاحت کے فروغ میں نہایت سنجیدہ ہیں، کوٹلی ستیاں، نڑھ اور پنج پیر کو مری سے ملانے سے سیاحوں کو فائدہ ہوگا، نئے سیاحتی مقامات کی ترقی سے مری پر بوجھ کم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے سیاحتی مقامات پر ٹی ڈی سی پی کے ریسٹ ہائوسزبنائیں گے۔