• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان، کورونا کیسز میں کمی، اموات بڑھ گئیں، 2689 کی حالت نازک

کراچی (ٹی وی رپورٹ، اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی ہوئی ہے تاہم اموات بڑھ گئیں، منگل کو کورونا سے مزید 88؍ افراد جان کی بازی ہار گئے ، جسکے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4391ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 213302تک پہنچ گئی۔جس میں سے 2689؍ کی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اب تک کل 1283092؍ افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 98503؍ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ منگل کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 4143 کیسز اور 88 ہلاکت رپورٹ ہوئی جس میں سے سندھ سے 2701 کیسز اور 34 اموات، پنجاب سے 761 کیسز اور 35 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 483 کیسز اور 16 اموات، بلوچستان سے 50 کیسز اور 2 اموات، کشمیر سے 16 کیسز سامنے آئے ہیں۔منگل کو سندھ میں کورونا وائرس کے باعث مزید 34 افراد جان کی بازی ہارگئے جسکے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 1377 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2701 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جسکے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 81955 تک جاپہنچی ہے۔آج مزید 1208 مزید مریض صحتیاب ہوئے جس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 46824 ہوگئی ہے۔ اسلام آبادسے منگل کو کورونا کے مزید 132کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے۔اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 12775 اور اموات 128ہوچکی ہیں۔ یہاں اب تک کورونا وائرس سے 7261 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ پنجاب سے پیر کو کورونا کے باعث مزید 46 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 1727 ہوگئی۔صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 723 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جسکے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 75501 تک پہنچ گئی ہے۔ یہاں اب تک کورونا سے 27147 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں منگل کو کورونا وائرس سے مزید 16 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 951 ہوگئی۔ صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 483 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 26598 تک پہنچ گئی ہے۔

تازہ ترین