اسلام آباد ( جنگ نیوز،ایجنسیز ) احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں نوازشریف کے اشتہار اورآصف زرداری کےوارنٹ جاری کردئیے اور کیس کی سماعت 17 اگست تک ملتوی کر دی ۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کےخلاف توشہ خانہ ریفرنس پرسماعت ہوئی ، مسلسل عدم پیشی پر عدالت نےنوازشریف کواشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی اور جج محمد اصغر علی نے نواز شریف کے اشتہار جاری کر دیے۔جج اصغر علی نے کہا نواز شریف کےناقابل ضمانت وارنٹس پر کوئی عملدرآمد نہ ہو سکا، نواز شریف دانستہ طور پر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے، جس پر نیب کے وکیل نے کہا کہ کیس میں3ملزمان ہیں،نوازشریف کےنام عدالت نےوارنٹ جاری کیے۔نیب نے نواز شریف کو سمن برطانیہ بھجوانے کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی اور بتایا کہ نوازشریف برطانیہ میں ہیں،دفترخارجہ کےذریعے وارنٹ بھیجے۔جج اصغر علی نے قرار دیا کہ کرمنل کیس ہے آصف زرداری کو پیش تو ہونا پڑےگا، وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کوروناکےدن ہیں اور آصف زرداری کی عمر زیادہ ہے، ان کے آنےسےلوگ اکٹھے ہوں گے رش بنے گا، جس پرجج نے کہا کہ آصف زرداری کو کورونا ہے تونہیں، وارنٹ جاری کردیتے ہیں۔فاروق ایچ نائیک نے کہا آصف زرداری کی جانب سےمیں پیش ہو رہا ہوں، جج نے کہا کہ طویل تاریخ دےدیتا ہوں پھرآصف زرداری پیش ہو جائیں، جورپورٹ پیش کی ہے وہ اطمینان بخش نہیں۔وکیل نیب سردارمظفر نے کہا کہ فاروق ایچ نائیک کہہ رہےہیں آصف زرداری کےپیش ہونےسےرش ہو گا، اگررش ہو گاتویہ انتظامیہ کا کام ہےکہ وہ کنٹرول کریں، کوئی رعایت نہ کی جائے،ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیےجائیں، یوسف رضا گیلانی کوعدالت نےاستثنیٰ دیا توآج ان کا وکیل بھی پیش نہیں ہوا، یوسف رضا گیلانی کا استثنیٰ بھی ختم کیا جانا چاہیے۔