• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، سابق وزیر آیت ﷲ درانی سمیت 65 افراد جاں بحق، کیسز 2 لاکھ 31 ہزار سے بڑھ گئے

کورونا، سابق وزیر آیت ﷲ درانی سمیت 65 افراد جاں بحق


کراچی، کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر ٹی وی رپورٹ، نمائندہ جنگ) پیپلزپارٹی کے رہنما وسابق وفاقی وزیر آیت اللہ درانی سمیت 65؍ افراد کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے،اتوار کو ملک میں 3763نئے کیسز سامنے آئے ہیں جسکے بعد اموات کی کل تعداد 4745 اور کیسز کی تعداد 231017ہو گئی۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ کراچی کے بعد اب گھوٹکی، سکھر، قمبر سمیت دیگر شہروں میں کورونا وائر سبڑھ رہا ہے، سندھ میں زیرعلاج کورونا مریضوں میں 623 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 74 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ 

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک کل 1398352؍ افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 129830؍ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو ملک بھر سے کورونا کے باعث 65 اموات اور 3763 کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے پنجاب میں 1020 کیسز اور 27 اموات، سندھ سے 25 ہلاکتیں اور 2222 کیسز، خیبرپختونخوا میں 8 اموات اور 273 کیسز جب کہ اسلام آباد میں 117 کیسز اور 4 اموات، آزاد کشمیر میں 74 اور ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان سے 48 اور گلگت بلتستان سے 9 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ 

سندھ میں اتوار کو کورونا سے مزید 25 افراد انتقال کرگئے جسکے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1526 ہوگئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2222 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جسکے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 94528 تک جاپہنچی ہے۔ آج مزید 777 مریض صحت یاب ہوئے جسکے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 53165 ہوگئی ہے۔ 

اتوار کو پنجاب میں کورونا کے 1020 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 27 افراد مہلک وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے۔پنجاب میں مجموعی طور پر 81317 مریض سامنے آ چکے ہیں جبکہ اموات کی کل تعداد 1871 ہے۔

پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ترجمان کے مطابق اب تک صوبے میں 533,040 ٹیسٹ کیے جا چکے اور 44,671 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ 

اتوار کو خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے باعث مزید 8 افراد انتقال کرگئے جسکے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1028 ہوگئی۔ صوبائی محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 273 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جسکے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 28116 تک پہنچ گئی ہے۔

تازہ ترین