• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، بجلی کی آنکھ مچولی سے شہریوں کو مالی نقصان


کراچی کے شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، اکثر علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی اور ہائی وولٹیج سے شہریوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

علاقہ مکینوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیاقت آباد سی ون ایریا میں صبح 9 بجے سے بجلی کی فراہمی بند ہے، گزشتہ رات بھی 11 بجے بجلی بند کردی گئی تھی اور صبح 6 بجے بحال ہوئی ہے۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ تین گھنٹے ہے، انہوں نے بتایا کہ کمپلین سینٹر پر اُن کی شکایت بھی درج نہیں کی جارہی۔

اس کے علاوہ کورنگی ناصر کالونی میں ہر ڈیڑھ گھنٹے بعد بجلی بندکردی جاتی ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی لوڈ شیڈنگ سے ہمارا مالی نقصان ہونے لگا ہے، لانڈھی مانسہرہ کالونی میں گزشتہ رات سے بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔

لانڈھی مانسہرہ کالونی میں ہائی وولٹیج نے میڈیکل اسٹور خاکستر کردیا، اسٹور میں موجود بھاری مالیت کی ادویات جل کر راکھ ہوگئیں جبکہ گھروں کی قیمتی اشیاء کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ چوری، نقصانات والےعلاقوں میں لوڈ شیڈنگ کی شکایات زیادہ ملتی ہیں، ان علاقوں میں نیشنل پاور پالیسی کے تحت لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔ 

تازہ ترین