• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہسپانوی کمیونٹی کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر قائل کرنے کا عزم

پاکستانی بزنس سیکٹر کے وفد کی قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری سے ملاقات ہوئی۔ جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور مقامی ہسپانوی کمیونٹی کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر قائل کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی بزنس سیکٹر کے پلیٹ فارم سے چوہدری پرویز تریڑوانوالہ عجوہ بزنس گروپ، چوہدری احمد خان تریڑوانوالہ، چوہدری امتیاز آکیہ، حافظ عبدالرزاق صادق اُمیدوار ایم پی اے سوشلسٹ پارٹی اسپین نے قونصل جنرل بارسلونا سے ملاقات کی۔

بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن اور دُنیا بھر میں نافذ ایمرجنسی کے بعد اب حالات معمول کی طرف تیزی سے گامزن ہیں۔ اس حوالے سے دوسرے ممالک سمیت پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع مہیا ہونے کے زیادہ امکانات پیدا ہونگے۔

وفد کا کہنا تھا کہ ہم نے ہسپانوی سرمایہ کاروں کو پاکستان بھیجا ہے اور بہت سے پراجیکٹس میں اُن کے ساتھ شراکت داری کی ہے، اسی طرح اب مزید ہسپانوی سرمایہ کار پاکستان جانے پر مائل ہیں جو موجودہ حالات معمول پر آتے ہی پاکستان جا کر سرمایہ کاری کریں گے۔

وفد میں شامل چوہدری امتیاز آکیہ نے کہا کہ اسپین کے سب سے بڑے بزنس گروپ جی ایم کا وفد بھی پاکستان جا رہا ہے جو وہاں پاکستان کے بڑے شہروں میں اپنے اسٹورز بنائے گا جس کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، اور  ہسپانوی وفد وزیر اعظم پاکستان اور گورنر پنجاب سے بھی ملاقات کرے گا جس کے لئے وقت لے لیا گیا ہے۔

چوہدری پرویز نے قونصل جنرل بارسلونا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پاکستان اور اسپین گورنمنٹ کے ثقافتی اور اقتصادی تعلقات میں بہتری کے لئے ایک پل کا کردار ادا کیا ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

احمد خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کے بچے یہاں پڑھ کر مختلف اداروں تک پہنچ گئے ہیں جو ہمارے مستقبل کی تابناکی کے لئے خوش آئند ہے۔

حافظ عبدالرزاق صادق کا کہنا تھا کہ اسپین میں سوشلسٹ پارٹی کی حکومت ہے اور یہ پارٹی پاکستانیوں اور دوسرے غیر ملکیوں کے حق میں بہت بہتر کام کر رہی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا فروغ اولین ترجیح ہے۔

 قونصل جنرل بارسلونا نے وفد کو قونصلیٹ آفس کے مختلف حصوں کا وزٹ کرایا اور انہیں تمام عملے اور اُن کی ذمہ داریوں کے حوالے سے تفصیل سے بتایا، قونصلیٹ آفس میں تحریک پاکستان سے لے کر وجود پاکستان اور کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے کئے جانے والے مظالم پر مبنی تصاویر بھی لگائی گئی ہیں، جو آنے والوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لیتی ہیں۔

 اس موقع پر قونصل جنرل نے جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نے کورونا لاک ڈاؤن میں جس طرح مقامی قوانین کا احترام کیا اور یہاں وفات پاجانے والوں کی میتوں کو پاکستان پہنچانے میں قونصلیٹ کے ساتھ جو تعاون کیا وہ تعریف کے قابل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارسلونا کا قونصل خانہ وہ واحد ادارہ ہے جو کورونا لاک ڈاؤن اور ایمرجنسی میں بھی پاکستانیوں کی خدمت کے لئے کھلا رہا، پاکستانی بزنس کمیونٹی یہاں راشن پہنچا دیتی تھی جو ضرورت مندوں تک پہنچا دیا جاتا تھا۔

 قونصل جنرل نے بتایا کہ لاک ڈاؤن میں میتوں کو پاکستان پہنچانا بہت دشوار کام تھا جسے مختلف طریقوں سے حل کیا گیا۔ جس میں سفارت خانہ پاکستان اور پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بہت مدد کی اور ہم اپنی کمیونٹی کے سامنے سرخرو ہو گئے۔

پاکستانی بزنس وفد نے قونصل جنرل کی پاکستانی کمیونٹی کے لئے کی جانے والی خدمات اور اُن کاوشوں کو سراہا جو انہوں نے لاک ڈاؤن میں سر انجام دیں۔

تازہ ترین