کورونا وائرس کا شکار ہونے والے بھارتی فلم انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار امیتابھ بچن نے اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے جو بچن خاندان کی جلد صحتیابی کے لیے دُعاگو ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر امیتابھ بچن نے اپنے مداحوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے لیے یہ ممکن نہیں ہے کہ میں ہر ایک کے دُعائیہ پیغام کا الگ الگ جواب دے سکوں لیکن میں یہاں اپنے اس پیغام کے ذریعے آپ سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ آپ میری، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے بچن اور ارادھیا بچن کی صحت کے حوالے سے فکر مند ہیں۔‘
امیتابھ بچن نے لکھا کہ ’میں ہاتھ جوڑ کر آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے بچن خاندان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔‘
بالی ووڈ اداکار کے اِس ٹوئٹ پر بھارتی ٹوئٹر صارفین کی جانب سے مزید دُعائیہ پیغامات بھی جاری کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس وقت بچن خاندان کے چار لوگ عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے بچن اور ارادھیا بچن شامل ہیں جبکہ جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد امیتابھ بچن اور ابھیشیک بچن ممبئی کے ناناوتی اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں داخل ہیں جبکہ ایشوریا رائے بچن اور اُن کی بیٹی ارادھیا بچن کو گھر میں ہی قرنطینہ کیا گیا ہے۔