• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عثمان بزدار کا یوم شہدا کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم شہدا کشمیر کے موقع پر لاہور سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی مظالم کشمیر کے غیور عوام کے دلوں میں جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کررہے ہیں، آزادی کشمیری عوام کا حق ہے جو انہیں ہر صورت مل کر رہے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق کے لیے ہر فورم پر آئندہ بھی بھر پور آواز اٹھاتے رہیں گے۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کشمیری عوام کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔

عثمان بزدار نے عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے قبل عمران خان نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر جاری پیغام میں بھارتی قبضے کیخلاف کشمیریوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ موجودہ کشمیری مزاحمت 13جولائی 1931 کے شہدا کی جدوجہد کا تسلسل ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کشمریوں کےاستصواب رائے کے حق کیلئے ثابت قدمی سے کھڑا ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی تک کشمیریوں کی جائز جدوجہدکی حمایت جاری رکھےگا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے آباؤ اجداد نسل در نسل سے آزادی کیلئے جانیں قربان کرتے آئے ہیں، آج کشمیری جرات سے ہندوتوا بالادستی کیخلاف جدوجہد کر رہے ہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہندوتوا بالادستی کا مقصد آبادی میں تناسب تبدیل کر کے کشمریوں کا صفایا کرنا ہے اور کشمریوں کی شناخت مٹانا ہے۔

تازہ ترین