• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ، انسداد دہشت گردی ایکٹ، ضابطہ فوجداری اور انسداد منی لانڈرنگ قوانین میں تبدیلیاں، نیب زیادتی کا واویلا کرنے والوں نے قوانین تبدیل کرنے میں رکاوٹیں ڈالیں، شبلی فراز

 انسداد دہشت گردی ایکٹ، ضابطہ فوجداری اور انسداد منی لانڈرنگ قوانین میں تبدیلیاں


اسلام آباد(ایجنسیاں) وفاقی کابینہ نے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کی روک تھام کے لئے اینٹی منی لانڈرنگ ترمیمی بل، انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ءمیں مجوزہ ترامیم، ضابطہ فوجداری قوانین میں ترامیم‘سنگل ٹریژری بینک اکاؤنٹ کے قواعد میں تبدیلی اور نیشنل ہیلتھ ایمرجنسی ریسپانڈ ایکٹ کی منظوری دی ہے‘وفاقی کابینہ نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری وقف املاک ایکٹ کی بھی منظوری دی ۔

وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پہلی مرتبہ معاونین خصوصی نے بھی اپنے اثاثے ظاہر کر دیئے ہیں، وزیراعظم نے واضح ہدایت کی کہ گندم اور آٹے کی دستیابی و فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے‘نیب زیادتی کا واویلا کرنے والوں نے قوانین تبدیل کرنے میں رکاوٹیں ڈالیں ‘انہی لوگوںنے ماضی میں نیب کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا‘کمزور پراسیکیوشن سے عدالت سے بری ہونے والے فرشتہ نہیں بن گئے‘ کراچی میں لوڈشیڈنگ کی صورتحال ایک سے 2روز میں بہتر ہو جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے ریاستی اداروں میں بدانتظامی اور میرٹ کے برعکس بھرتیوں سے اداروں کو زمین بوس کر دیا ہے جس ادارے کو دیکھیں اس کا یہی حال ہے ، موجودہ حکومت سرکاری ٹی وی ،اسٹیل مل سمیت تمام اداروں کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے اشتہارات کے بقایا جات کی عدم ادائیگی پر برہمی کا اظہار کیا اورتمام وزارتوں کو بقایا جات کی ادائیگی کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیاہے‘وزارت اطلاعات کو دوسری وزارتوں سے جیسے ہی فنڈز ملتے ہیں بقایا جات ادا کر دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ پر کورونا وائرس کے بچاؤ کے قوائد و ضوابط پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ کابینہ کو احساس پروگرام سے متعلق بریفنگ دی گئی‘یہ ایسا پروگرام ہے جس کی شفافیت پر سیاسی مخالفین نے بھی سوال نہیں اٹھایا۔ 

تازہ ترین